
رانچی۔ جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن نے اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے محکمے کی سفارش پر یونیورسٹیوں میں غیر تعلیمی افسران کی تقرری کا عمل شروع کیا ہے۔ رجسٹرار کی چھ، فائنانس آفیسر کی سات، کنٹرولر آف ایگزامینیشن کی تین اور اسسٹنٹ رجسٹرار کی سات آسامیوں پر تقرری ہونی ہے۔ کمیشن نے جمعرات کو ان عہدوں پر تقرری کے لیے درخواستوں کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ جے پی ایس سی کے مطابق ان آسامیوں پر تقرری کے لیے 3 اکتوبر سے آن لائن درخواستیں بھری جائیں گی۔ اس کی آخری تاریخ 3 نومبر شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔ امتحانی فیس 6 نومبر کو شام 5 بجے تک ادا کی جائے گی اور ہارڈ کاپی 21 نومبر کی شام 5 بجے تک کمیشن کے دفتر میں جمع کرائی جائے گی۔ ان عہدوں پر تقرری چار سال کے لیے ہوگی اور سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد مدت میں چار سال کی توسیع کی جاسکتی ہے۔ ان عہدوں پر ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال ہوگی۔ کمیشن کے مطابق 55 سال سے کم عمر کے امیدواروں کو تقرری میں ترجیح دی جائے گی۔
