جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے آج دھنباد پہنچیں۔ یہاں نِرسا میں انہوں نے کانگریس امیدوار انوپما سنگھ کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ کلپنا سورین نے اس موقع پر مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا۔
کلپنا سورین نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں جملے کی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا اور نہ ہی کوئی وعدہ پورا کیا۔ ایسے میں اگر وہ ووٹ مانگنے آئیں تو انہیں دس سال پہلے کیے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ہیمنت سورین کو جیل بھیجنے کی سوچی سمجھی سازش کی ہے۔ اس جیل کی چابی ووٹ کی صورت میں آپ کے پاس ہے۔ آپ کے ووٹ کی طاقت سے مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی تبھی ہیمنت سورین باہر آئیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ کی اہلیہ نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جھارکھنڈ میں لوک سبھا کی چار سیٹوں پر انتخابات ہو چکے ہیں اور چاروں سیٹوں پر انڈیا الائنس کے امیدوار کامیاب ہو رہے ہیں، جس کا باضابطہ اعلان 4 جون کو ہونا باقی ہے۔