International

امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل پہنچ گئے

US President Joe Bided Visited Israel
174views

امریکی صدر جو بائیڈن حماس اور اسرائیل کے تنازعے پر مشاورت کے لیے بدھ کو اسرائیل پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تل ابیب کے بین گوریون ایئرپورٹ پر طیارے سے اتر کر امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اور صدر اسحاق ہرتصوغ کو گلے لگایا اور روانگی سے قبل انہوں نے مختصر گفتگو کی۔

امریکی صدر نے سات اکتوبر کے حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کی حمایت اور غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کی کوشش کے لیے مشرق وسطیٰ کے دورے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا اسرائیل اور اردن کا ہنگامی دورہ مشرق وسطیٰ پہنچنے سے پہلے ہی ناکام ہو گیا جب کہ عمان نے غزہ کے ایک ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے بعد صدر بائیڈن کے دورے کو منسوخ کر دیا۔

صدر بائیڈن نے سات اکتوبر کے حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کی حمایت اور غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کی کوشش کے لیے مشرق وسطیٰ کے دورے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ دورہ غزہ کے ہسپتال میں دھماکے کی خبر کے ساتھ ہی ناکام ہو گیا۔

جیسے ہی امریکی صدر جو بائیڈن ایئر فورس ون پر سوار ہوئے، اردن نے اعلان کیا کہ فلسطینی صدر محمود عباس، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ امریکی صدر کے چار طرفہ سربراہی اجلاس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے کہا کہ یہ اجلاس جنگ بند کرنے اور اس قتل عام کو ختم کرنے تک ممکن نہیں ہے۔

ادھر ہسپتال پر حملے کے بعد عرب ممالک کے سخت ردعمل کے بعد بائیڈن نے بعد میں کہا کہ انہیں غزہ کے ہسپتال میں ہونے والے ’دھماکے‘سے دھچکا لگا اور انہوں نے اپنی قومی سلامتی ٹیم سے کہا تھا کہ وہ اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا: ’غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال میں ہونے والے دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ہولناک جانی نقصان پر غمزدہ اور شدید صدمے میں ہوں۔ اس خبر کو سنتے ہی میں نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نتن یاہو سے بات کی اور اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں معلومات اکٹھی کرتے رہیں کہ اصل میں کیا ہوا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا: ’امریکہ بلاشبہ تنازعات کے دوران شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے کھڑا ہے اور ہم اس سانحے میں مارے گئے یا زخمی ہونے والے مریضوں، طبی عملے اور دیگر بے گناہ شہریوں کے لیے سوگوار ہیں۔‘

ادھر وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صدارتی طیارے میں سوار صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیلی خیال ہے کہ یہ (حملہ) ان کی وجہ سے نہیں ہوا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.