Sports

عظیم فٹبالر لیونل میسی نے آٹھویں بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت لیا

183views

پیرس، 31 اکتوبر :۔ فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے ارجنٹینا کے لیجنڈفٹ بالر لیونل میسی کو پیر کی رات اپنے شاندار کیریئر میں آٹھویں بار باوقار بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس اعزاز کے ساتھ، میسی یہ باوقار ایوارڈ جیتنے والے پہلے میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس ) کھلاڑی بن گئے۔ میسی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ میسی کو یہ ایوارڈ کسی اور نے نہیں بلکہ انٹر میامی کے مالک انگلش فٹ بال آئیکن ڈیوڈ بیکہم نے پیش کیا۔ اس سے قبل وہ 2009، 2010، 2011، 2012، 2015، 2019 اور 2021 میں یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ تقریباً 30 سال پر محیط میسی کے کیریئر میں 2014 کے ورلڈ کپ میں شکست کے بعد دل شکستہ ہو گیے تھے اور آٹھ سال بعد انہوں نے اپنے اندر کے میراڈونا کو باہر نکالا اور سب سے بیش قیمتی چیز – ورلڈ کپ ٹرافی – کو اپنے وطن ارجنٹینا واپس لائے۔ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں انہوں نے سات گول کر کے اپنے ملک کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ میسی نے رافیل نڈال، کیلین ایمباپے اور اسٹیفن کری جیسے کلاس ایتھلیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2022 کے بہترین مرد ایتھلیٹ کا لاریئس ایوارڈ جیتا۔ یہ دوسرا موقع تھا جب میسی نے لاریئس جیتا – جسے کھیلوں کا آسکر سمجھا جاتا ہے، اس کے بعد 2020 میں میسی نے پہلی بار برطانوی فارمولا 1 ڈرائیور لیوس ہیملٹن کے ساتھ اس ایوارڈ کا اشتراک کیا۔ فروری میں بہترین فیفا فٹبال ایوارڈز کی تقریب کے دوران میسی کو بہترین مرد کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا۔ ایف سی بارسلونا کی نمائندگی کرنے والی ہسپانوی فٹ بالر اور 2023فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی فاتح ایتانا بونمتی نے خواتین کا بیلن ڈی اورحاصل کیا، یہ ایوارڈ انہیں سربیا کے ٹینس لیجنڈ نوواک جوکووچ نے پیش کیا۔ وہ مذکورہ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی بھی تھیں۔
مانچسٹر سٹی نے ‘کلب آف دی ایئر’ کا خطاب جیت لیا۔ سیزن 2022-23 میں، کلب نے ٹرپل ، یعنی پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اوریوئیفا چیمپئنز لیگ جیتا۔ اس نے اس سال یوئیفا سپر کپ پر بھی قبضہ کیا۔
مانچسٹر سٹی کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ کو سال کے بہترین اسٹرائیکر کی ‘گرڈ مولر ٹرافی’ سے نوازا گیا۔ ہالینڈ نے 2022-23 سیزن میں پریمیئر لیگ،ایف اے کپ اور یوئیفا چیمپئنز لیگ جیت کر مانچسٹر سٹی کے ساتھ ٹرپل خطاب حاصل کیا۔
ہالینڈ نے ایک ہی سیزن میں مجموعی طور پر 56 گول کے ساتھ گول اسکور کرنے کا شاندار مقابلہ کیا، جو سٹی کے ساتھ اس کا پہلا سیزن بھی تھا۔ انہون نے ایک سیزن میں تمام مقابلوں میں پریمیئر لیگ کے کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
سال کے بہترین گول کیپر کے لئے ‘یاچن ٹرافی ایسٹن ولا ایف سی اور ارجنٹائن کے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فاتح اسٹار ایمیلیانو مارٹنیز کو دی گئی۔
اس وقت ہسپانوی جائنٹس ریال میڈرڈ کے لیے کھیل رہے 20 سالہ انگلش مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم کو انڈر۔ 21 کے بہترین کھلاڑی کے لیے ‘کوپا ٹرافی’ دی گئی۔ اس سے قبل وہ جرمن کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ کے لیے کھیلتے تھے۔
ریئل میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے برازیلین ونگر ونیسیئس جونیئر کو کھیلوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوان برازیلین کی تعلیم کے لیے انسٹی ٹیوٹو ونیسیئس جونیئر کی بنیاد رکھنے پر ‘سقراط انعام’ دیا گیا۔
ایف سی بارسلونا کو خواتین کے ‘کلب آف دی ایئر’ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.