International

اسرائیل نے ایمبولینس کے قافلے کو نشانہ بنایا، پندرہ افراد ہلاک

200views

غزہ: غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جمعہ کو غزہ شہر میں ایمبولینس کے قافلے پر حملے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیل نے تصدیق کی کہ اس نے ایمبولینس کو نشانہ بنایا، لیکن بغیر ثبوت فراہم کیے کہا کہ اس حملے میں حماس کے جنگجو نشانہ بنے تھے۔ اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال پر بمباری کا اعتراف کیا ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج نے زخمیوں کو لے جاتی ہوئی ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے الشفا اسپتال سے نکلتی ہوئی ایمبولینسوں کے کاروان کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں بڑی تعداد میں شہادتوں کے ساتھ کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے اسرائیل اور حماس جنگ میں انسانی بنیادوں پر توقف کے امریکی مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے جمعہ کے روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے کہا کہ “جب تک کہ حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا، ہم مکمل طور پر آگے بڑھ رہے ہیں”،۔ بلنکن گزشتہ ماہ جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل کے تیسرے دورے پر ہیں۔ دنیا بھر سے مطالبات کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی کو مسترد کر دیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے غزہ کی پٹی میں ضروری امداد کی اجازت دینے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر توقف کے لیے بڑھتے ہوئے مغربی دباؤ کے باوجود عارضی جنگ بندی کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل “اپنی پوری طاقت” کے ساتھ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک ایسی عارضی جنگ بندی کو نہیں مانتا جس میں ہمارے یرغمالیوں کی واپسی شامل نہیں ہے۔ 7 اکتوبر کو حماس نے اپنے حملے میں تقریباً 240 افراد کو یرغمال بنایا ہے، جس میں بعض معمر خواتین اور غیرملکیوں کو انسانی بنیادوں پر رہا بھی کیا ہے۔

وہیں۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج (4 نومبر) اردن میں ہیں۔ بلنکن وہاں عرب رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔ اس ہفتے کے شروع میں، اردن نے اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا اور اسرائیل کے ایلچی سے کہا تھا کہ وہ کم از کم اس وقت تک عمان واپس نہ جائیں جب تک کہ غزہ کے حالات بہتر نہیں ہو جاتے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن 5 نومبر کو ترکیہ جائیں گے، جہاں وہ ترکیہ کو اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق، غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد اور بازآبادکاری کے مسائل پر بات کریں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.