Jharkhand

جھارکھنڈ: عدالت نے ہیمنت سورین کو فلور ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت دی

226views

رانچی: زمین گھوٹالے کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ گرفتار سابق سی ایم ہیمنت سورین کو جھارکھنڈ اسمبلی میں ہونے والے فلور ٹیسٹ میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہیں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) عدالت نے اس کی اجازت دی ہے۔

یاد رہے کہ جے ایم ایم کے قانون ساز پارٹی کے قائد چمپئی سورین نے جمعہ کے روز نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا۔ ان کے علاوہ کانگریس کے عالمگیر عالم اور آر جے ڈی کے ستیہ نند بھوکتا نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ اب 5 فروری کو اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیا جائے گا۔ حلف برداری سے قبل چمپئی سورین نے 43 ارکان اسمبلی کی حمایت کی ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

دریں اثنا، چمپئی سورین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ فلور ٹیسٹ میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ’’ہیمنت سورین نے ریاست کی ترقی کے لیے کئی منصوبے متعارف کرائے، جس سے بوکھلا کر حزب اختلاف نے انہیں فرضی الزامات میں پھنسایا۔‘‘ خیال رہے کہ موجود حکومت کو اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔

ای ڈی نے ہیمنت سورین کو 31 جنوری کو کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ انہیں تفتیشی ایجنسی 9 سمن بھیج چکی تھی اور آخر کے دو سمن پر وہ پوچھ گچھ میں شامل ہونے کو راضی ہو گئے تھے۔ اپنی گرفتاری سے قبل ہی ہیمنت سورین نے عہدے سے استعفی دے دیا اور چمپئی سورین کو قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔

چمپئی سورین ہیمنت سورین کی حکومت میں ٹرانسپورٹ کے وزیر تھے۔ ہیمنت سورین نے اپنی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی لیکن اس عرضی کو یہ کہتے ہوئے خارج کر دیا گیا کہ انہیں اس معاملہ میں پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہئے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.