
نئی دہلی، 06 نومبر :۔ بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو احمد آباد میں درج مجرمانہ ہتک عزت کے معاملے میں سپریم کورٹ سے راحت ملی ہے۔ سپریم کورٹ نے تیجسوی یادو کے خلاف احمد آباد کی نچلی عدالت میں چل رہے مقدمے پر روک لگا دی ہے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت گجرات سے باہر منتقل کرنے کی تیجسوی یادو کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ تیجسوی نے احمد آباد کی ایک ٹرائل کورٹ میں زیر التوا مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں حاضری سے استثنیٰ اور کیس کو گجرات سے باہر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ احمد آباد ٹرائل کورٹ نے اس مجرمانہ ہتک عزت کیس میں انہیں 22 ستمبر کو طلب کیا تھا۔ اب نچلی عدالت میں سماعت 2 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔ تیجسوی نے نچلی عدالت کو یہ بھی بتایا ہے کہ اس نے اس معاملے کو لے کر سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے، جس پر سپریم کورٹ 6 نومبر کو سماعت کر سکتی ہے۔ دراصل تیجسوی یادو نے اپنے مبینہ تبصرہ میں کہا تھا کہ صرف گجراتی ہی ٹھگ ہو سکتے ہیں۔ اس مبینہ تبصرہ پر احمد آباد میں ان کے خلاف مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
