Bihar

اُف یہ گرمی! یوپی-بہار میں 24 گھنٹے کے اندر الیکشن ڈیوٹی پر مامور 22 انتخابی اہلکاروں کی موت، درجنوں بیمار

258views

لوک سبھا انتخاب 2024 اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے اور 4 جون کو ووٹ شماری کا عمل انجام پائے گا۔ اس دوران الیکشن ڈیوٹی پر تعینات انتخابی اہلکاروں کو گرمی کی وجہ سے بے انتہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت سبھی پولنگ پارٹیاں اپنے اپنے بوتھوں پر روانہ ہو چکی ہیں، لیکن شدید گرمی نے پولنگ پارٹیوں میں شامل لوگوں کی حالت خستہ کر دی ہے۔ اتر پردیش اور بہار سے آ رہی خبروں کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اس جھلسا دینے والی گرمی نے 22 انتخابی اہلکاروں کی جان لے لی ہے۔ درجنوں انتخابی اہلکار بیمار ہو کر اسپتالوں میں بھی داخل ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے مرزا پور ضلع میں جمعہ کی شام الیکشن ڈیوٹی پر جا رہے 3 انتخابی اہلکاروں اور 6 ہوم گارڈ جوانوں کی موت ہو گئی۔ یہاں 17 جوان اسپتال میں بھی داخل ہیں۔ علاوہ ازیں سونبھدر ضلع میں تین انتخابی اہلکاروں کی موت ہوئی ہے۔ دوسری طرف بہار میں 10 انتخابی اہلکاروں کی موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ بہار میں ہوئیں اموات کی وجہ کو لے کر ڈاکٹروں نے فی الحال کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں بتایا ہے، لیکن ’ہیٹ اسٹروک‘ سے موت کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس وقت اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، راجستھان، دہلی اور مدھیہ پردیش سمیت کئی دیگر ریاستیں شدید گرمی کی زد میں ہیں۔ صبح سے چل رہی گرم ہوائیں لوگوں کو جھلسا رہی ہیں۔ اسی وجہ سے لوگ دن میں اپنے اپنے گھروں میں قید رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بہت ضروی کام ہونے پر ہی گھروں سے نکلنا ہوتا ہے۔

بہرحال، الیکشن کمیشن آخری مرحلے کی ووٹنگ (یکم جون) کے لیے سبھی تیاریاں مکمل کر چکی ہے، لیکن 45 سے 48 ڈگری درجہ حرارت والی اس گرمی میں پولنگ اہلکار کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں جن 10 پولنگ اہلکاروں کی موت ہوئی ہے، ان میں سب سے زیادہ اموات بھوجپور میں ہوئی ہیں۔ یہاں الیکشن ڈیوٹی پر تعینات 5 افسروں کی لو لگنے سے موت ہو گئی۔ روہتاس میں 3 الیکٹورل افسران، جبکہ کیمور اور اورنگ آباد ضلعوں میں ایک ایک انتخابی اہلکاروں کی موت ہوئی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.