دونو ں لاشوں کے ساتھ گھر کو آگ لگا دی پھر مٹن پارٹی کا انعقاد کیا، گرفتار
گملا، 3 نومبر :۔ ضلع کے کروم گڑھ تھانے نے آٹھ سال سے مفرور ملزم بدھو عرف بدھواعرف ہورو (55) کو گرفتار کیا ہے۔ کروم گڑھ تھانہ علاقہ کے برٹولی کے رہنے والے بدھو نے ڈائن بساہی کے شبہ میں گاوں والوں کی مدد سے اپنے ہی والدین کا قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد اس نے دونوں نعشوں کو گھر میں جلا دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ گملا ایس پی کی ہدایت پر زیر التوا کیس میں وارنٹ گرفتاری کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے۔ ادھر برٹولی میں چھاپے کے دوران آٹھ سال سے مفرور ملزم بدھو عرف بدھوا ہورو کو گرفتار کر لیا گیا۔ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو بتایا کہ سال 2015 میں اس کی سوتیلے بھائی سے زمینی دشمنی اور اس کے والد نارائن ہورو اور والدہ جانی ہورو پرڈائن بساہی ہونے کے شبہ کی بنا پر اس نے گاؤں کے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر گھر میں گھس کر اپنے والدین کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ قتل کے بعد دونوں کی لاشوں کو گھر سمیت آگ لگا دی گئی۔ اس سے پہلے گھر میں رکھی رقم اور بکرا اور دیگر اشیا وہاں سے ہٹا دی گئیں۔واقعہ کے دن ملزم نے گاؤں والوں کے ساتھ مل کر مٹن پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ وہاں سے بھاگ کر ہماچل چلا گیا۔ وہ تقریباً ڈیڑھ سال سے رانچی کے لاپنگ میں اس واقعے میں ملوث ایک ساتھی کے گھر چھپا ہوا تھا۔ وہ دو ہفتے قبل اپنے گملا گھر پہنچا، جہاں سے پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔