Jharkhand

وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین نے ای ڈی حکام کے خلاف رانچی میں درج کرائی ایف آئی آر

181views

نئی دہلی: دہلی میں وزیر اعلی ہیمنت سورین کی رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کے سلسلے میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے ذریعہ رانچی شیڈول کاسٹ-ٹرائب (ایس سی ایس ٹی) پولیس اسٹیشن میں پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ ای ڈی حکام پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ وزیر اعلی ہیمنت سورین کو ہراساں کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ای ڈی کے ان عہدیداروں کے خلاف رانچی کے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے جو 29 جنوری کو ان کی دہلی میں واقع رہائش گاہ پر سرچ آپریشن میں شامل تھے۔ رانچی کے ایس ایس پی چندن کمار سنہا نے میڈیا کو بتایا، ’’وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ای ڈی کے عہدیداروں کی ٹیم بغیر کسی اطلاع کے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی اور ان کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لیے فرضی خبریں پھیلائی گئیں۔‘‘

رانچی پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے درخواست بھیج کر رپورٹ درج کرنے کی اپیل کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے دھروا تھانہ میں اپنی درخواست بھیجی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی شکایت میں ای ڈی حکام پر کئی سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ای دی حکام نے ان کی غیر موجودگی میں دہلی کے شانتی نکیتن میں واقعہ ان کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کی۔

خیال رہے کہ منی لانڈرنگ سے وابستہ معاملہ میں ہیمنت سورین کو 29 جنوری کو ای ڈی کی جانب سے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ہیمنت سورین تقریباً 36 گھنٹے تک نہ تو دہلی کی رہائش گاہ پر موجود تھے اور نہ ہی رانچی میں۔ تاہم سورین منگل کو رانچی پہنچ گئے اور وہاں ارکان اسمبلی کے ساتھ میٹنگ گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.