International

حج 2024: رمی جمرات کے بعد حجاج کرام کا طواف کعبہ

55views

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز رمی جمرات کرنے والے حجاج کرام ’طواف افاضہ‘ کے لیے مسجد حرام میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ خیال رہے کہ کل یعنی ہفتے کو حجاج کرام نے میدان عرفات میں رکن اعظم ادا کیا تھا۔ خطبہ حج کے بعد حجاج کرام نے ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد مزدلفہ کا رخ کیا۔ نصف شب کے بعد حجاج کرام کے قافلے منیٰ کی طرف پلٹے جہاں انہوں نے علی الصبح رمی جمرات کے مناسک ادا کیے۔

دوسری طرف انتظامیہ نے حجاج کرام کی آسانی اور ان کے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے ہنگامی پلان پرعمل درآمد جاری رکھا ہے۔ فیلڈ ایمرجنسی پلان کے دوران حجاج کرام کو انتظامی، سکیورٹی اور صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔

درایں اثناء سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کرنل طلال بن شلہوب نے اعلان کیا کہ حج سیکورٹی پلانز کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ چوبیس گھنٹے کے دوران حجاج کرام نے وقوف عرفہ کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے اہم مناسک ادا کر لیے۔ انہوں نے ترویہ کا دن اور رات منیٰ میں بسر کئے۔ اس موقع پر انہیں بہترین سہولیات اور خدمات فراہم کی گئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ عرفات سے مزدلفہ تک سفر اور وہاں پر رات کا قیام حج پلان کا دوسرا مرحلہ تھا اور یہ مرحلہ بھی کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ عید الاضحیٰ کے روز حاجیوں نے قربانی دینے کے ساتھ ساتھ طواف افاضہ اور ایام تشریق کے دیگر مناسک ادا کئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال کے حج میں سب سے بڑا چیلنج زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس دن گرمی کی تھکن اور سن اسٹروک کا سامنا کرنے والے حجاج کی تعداد تقریباً 569 تک پہنچ گئی۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us on Google News