Jharkhand

بیوی کام کرتی ہے تو بھی بچوں کی کفالت کی ذمہ داری باپ پر بھی عائد ہوتی ہے: جھارکھنڈ ہائی کورٹ

138views

رانچی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق ایک معاملے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ خواہ بچوں کی ماں نوکری پر ہو لیکن بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری والد پر بھی عائد ہوتی ہے۔ معاملہ جھارکھنڈ کے ہزاری باغ کا ہے۔

نبھا سنگھ نامی خاتون نے ہزاری باغ کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ جب سے اس نے اپنے شوہر کے خلاف جہیز کے لیے ہراسانی کی شکایت درج کروائی ہے، تب سے وہ بچوں کی دیکھ بھال میں لاپرواہی برت رہا ہے، جبکہ اس کے شوہر کو تنخواہ کے ساتھ آبائی زرعی زمین سے آمدنی بھی حاصل ہوتی ہے۔

کیس کی سماعت کے بعد فیملی کورٹ نے خاتون کے شوہر رگھوور سنگھ کو اپنے دو بچوں کی کفالت کے لیے 5000 روپے ماہانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ رگھوور سنگھ نے فیملی کورٹ کے حکم کے خلاف جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی۔ اس نے کہا کہ وہ بے روزگار ہے، جبکہ اس کی بیوی نان نفقہ کی درخواست دائر کرنے سے بہت پہلے سے ملازمت پیشہ ہے۔

تاہم، دونوں فریقوں کے پیش کردہ ثبوتوں کی بنیاد پر عدالت نے پایا کہ رگھوور سنگھ پہلے بینک میں لون منیجر تھا اور فی الحال ایک این جی او میں کام کر رہا ہے۔ ہائی کورٹ کے جسٹس سبھاش چند نے اپنے حکم میں کہا، ’’جہاں تک نان نفقہ کی درخواست میں عرضی گزار کی بیوی کی آمدنی کا تعلق ہے، اسے ماہانہ 12 سے 14 ہزار روپے مل رہے ہیں اور وہ اپنا اور اپنے دو نابالغ بچوں کی پرورش کر رہی ہے اگر بیوی نبھا سنگھ کی تنخواہ کو بھی مدنظر رکھا جائے تو دونوں بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان کے والد رگھوور سنگھ پر بھی عائد ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے رگھوور سنگھ کو ان کے دو نابالغ بچوں کے لیے 5000 روپے ماہانہ دینے کے فیملی کورٹ کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے نظرثانی کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.