پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج وزیر اعلیٰ سکریٹریٹ میں واقع ’سمواد‘ میں ’نشہ سے نجات کے دن‘ کے موقع پر منعقدہ پروگرام کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔ پروگرام سے قبل’ نشہ سے نجات کے دن‘ کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے ’سمواد‘ کے سامنے بنے اسٹیج سے نشہ بندی کی تشہیر کے لیے بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بچوں نے نشے سے نجات پر مبنی گانا بہت اچھی طرح پیش کیا ہے۔ منشیات سے نجات کے دن کے موقعہ پر توصیفی اسناد پانے والے تمام افسروں کے لیے میں نیک خواہشات کا اظہار کر تا ہوں۔ سال 2011 سے آج کے دن کو ہم لوگ ’ نشہ بندی کے دن‘کے طور پر منا تے رہے ہیں، سال 2017 میں ہم اسے تبدیل کر کے’منشیات سے نجات کے دن ‘کے طور پر منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے خواتین کے مطالبے پر سال 2016 میں شراب پر پابندی لگائی تھی۔ شروع میں ہم نے صرف دیہی علاقوں میں شراب بندی نافذ کی تھی لیکن 5 دن کے اندر عوام کے مطالبے پر پورے بہار میں مکمل شراب بندی نافذ کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلے شراب پیتے تھے انہوں نے پابندی کے نفاذ کے بعد پینا چھوڑ دیا۔ کچھ لوگ کسی بھی فیصلے کے خلاف رہتے ہیں۔ اس زمین پر ہر کوئی اچھے نہیں ہو سکتے ہیں۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی نشے سے آزادی کو نافذکر نا چاہتے تھے۔ ہم لوگوں نے ان کے خیالات کو ہر جگہ بتا دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب شراب پر پابندی لگائی تو لوگ شروع سے ہی اس کے حق میں رہے ہیں۔ اس حوالے سے پہلے بھی ایک سروے کیا جاچکا ہے۔ سال 2018 میں جب سروے کیا گیا تو پتہ چلا کہ 1 کروڑ 64 لاکھ لوگوں نے شراب پینا چھوڑ دیا ہے۔ سال 2023 کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 1 کروڑ 82 لاکھ لوگوں نے شراب پینا چھوڑ دیا ہے۔ سروے سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ 99 فیصد خواتین جبکہ 92 فیصد مرد شراب پر پابندی کے حق میں ہیں۔شراب بندی کے سلسلہ میں روزانہ میرے پاس رپورٹ آتی ہے ۔ شراب بندی قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں بہت سے لوگ پکڑے گئے ہیں۔ آپ لوگ بہتر طریقہ سے ایک بار پھر شراب بندی کا سروے کیجئے۔ ہم تو کہیں گے کہ ہر گھر میں جا کر معلوم کیجئے کہ شراب پر پابندی کا کیا اثر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم کالج میں پڑھتے تھے اسی وقت سے ہی شراب کے مخالف رہے ہیں۔ ہم اسی وقت سے مانتے رہے ہیں کہ شراب غلط چیز ہے۔ ہم شروع سے ہی شراب بندی کے حق میں ہیں۔ خواتین نے مطالبہ کیا تو ہم نے شراب بندی کو نافذ کر دیا۔ ہم اسے کبھی واپس نہیں لیں گے۔ کچھ جو بڑے لوگ ہیںشراب پینے کے حق میں ہیں اور میرے خلاف ہیں۔ باپو کے الفاظ یاد رکھیں۔ وہ ہمیشہ اس کے خلاف رہے ہیں۔ ہم محکمہ سے درخواست کریں گے۔ ہم تو کہیں گے کہ کچھ پولیس والے بھی گڑبڑ ہیں اس کا جائزہ لیں۔ ایک ایک چیز پر توجہ دیجئے۔ زیادہ تر پولیس والے اور افسران ٹھیک ہیں لیکن کچھ لوگ گڑبڑ کرتے ہیں، ان پر نظر رکھیں۔