International

’حماس کی حمایت میں انسٹاگرام پوسٹ‘، عرب۔اسرائیلی اداکارہ پر فردجرم عائد

216views

معروف عرب اسرائیلی اداکارہ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ’دہشت گردی پر اکسانے‘ کی پوسٹ لگانے سمیت وزارت انصاف کی جانب سے دیگر الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اداکارہ میسا عبدالہادی نے اپنی پوسٹ میں اسرائیل پر حماس کے سات اکتوبر کے حملے کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔

متعدد فلموں، ڈراموں اور ٹی وی سیریز میں اداکاری کرنے والی 37 سالہ میسا عبدالہادی کو رواں ماہ کے آغاز میں غزہ میں عسکریت پسند گروپ کی جانب سے اغوا کی جانے والی اسرائیلی ضعیف خاتون کی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد کچھ دیر کے لیے گرفتار بھی کیا گیا۔

شمالی اسرائیل کے شہر الناصرہ میں رہنے والی اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں مسکراتے ہوئے ایموجیز کے ساتھ لکھا تھا کہ یہ خاتون ہمیشہ کے لیے مہم جوئی پر جا رہی ہیں۔

اداکارہ نے ضعیف خاتون کو اغوا کرنے والے شخص کے حوالے سے اپنی سٹوری میں ’ہمارے نوجوان اچھے ہیں‘ کا جملہ بھی لکھا۔

بعد ازاں ایک اور سٹوری میں میسا نے سوشل میڈیا پر بلڈوزر کی تصویر پوسٹ کی جو سات اکتوبر کے حملے کے دوران غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے درمیان لگی لوہے کی باڑ توڑ رہا تھا۔

بلڈوزر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے 1989 میں دیوار برلن گرانے کے حوالے سے کیپشن میں لکھا کہ ’چلو برلن کی طرز پر چلتے ہیں۔‘

علاوہ ازیں اداکارہ نے واٹس ایپ گروپ میں دوستوں سے حماس کے جنوبی اسرائیل کے علاقے پر حملے اور اغوا کے بارے میں تفصیلات کا ذکر کیا ہے۔

وزارت انصاف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسٹاگرام پر 27 ہزار فالوورز کے ساتھ اس طرح کی سٹوریز جن میں ایسی کارروائیوں کے لیے ہمدردی، حوصلہ افزائی اور حمایت کا اظہار ہو، حالات میں بگاڑ کا سبب بن سکتی ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.