افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کی ایک شاہراہ پر ایک مسافر بس، ایک آئل ٹینکر اور ایک موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجے میں اکیس افراد ہلاک اور اڑتیس زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ ہلاکت خیز حادثہ آج اتوار کے روز پیش آیا۔افغانستان کے دارالحکومت کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج اتوار 17 مارچ کی صبح صوبے ہلمند میں پیش آنے والے اس حادثے میں مسافروں سے بھری ہوئی ایک بس پہلے مخالف سمت سے آنے والی ایک موٹر سائیکل اور پھر ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔
ہلمند کے صوبائی محکمہ اطلاعات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ”یہ حادثہ، جس میں ایک مسافر بس پہلے سامنے سے آنے والی ایک موٹر سائیکل اور پھر ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، ہلمند کے ضلع گرشک میں ہرات قندھار ہائی وے پر پیش آیا، جس میں 21 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔‘‘
صوبائی گورنر کے ترجمان محمد قاسم ریاض نے اس سانحے کے حوالے سے نیوز ایجنسی اے ایف ہی کو بتایا، ”جانی نقصان اس لیے بہت زیادہ ہوا کہ تصادم کے بعد مسافر بس اور آئل ٹینکر دونوں کو آگ لگ گئی تھی۔‘‘ اس حادثے کی صوبائی محکمہ اطلاعات کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ تصاویر میں بس اور ٹینکر کے جلے ہوئے ڈھانچے دیکھے جا سکتے تھے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ آئل ٹینکر کا کیبن بھی پوری طرح تباہ ہو گیا۔
حادثے کے فوری بعد امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے تھے، جنہوں نے لاشیں ہٹانے اور زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال پہنچانے کا کام شروع کر دیا تھا۔ ضلع گرشک کے مقامی حکام نے بتایا کہ 38 زخمیوں میں سے 11 کی حالت نازک ہے جبکہ باقی ماندہ 27 افراد کے زخم معمولی سے درمیانی شدت کے ہیں۔ ہلمند میں ٹریفک حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس ہرات سے ملکی دارالحکومت کابل جا رہی تھی۔ حادثہ اس لیے پیش آیا کہ دوران سفر بس کا ڈرائیور اس پر کنٹرول نہیں رکھ سکا تھا۔
یہ بس جس موٹر سائیکل سے ٹکرائی، اس پر دو افراد سوار تھے۔ وہ بھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ باقی ماندہ 19 ہلاک شدگان میں سے 16 بس میں سوار تھے جبکہ باقی تین آئل ٹینکر کے کیبن میں سوار سفر میں تھے۔ آئل ٹینکر جنوبی شہر قندھار سے ہرات جا رہا تھا۔
ہندو کش کی ریاست افغانستان میں اکثر ہلاکت خیز حادثات اس لیے پیش آتے ہیں کہ وہاں سڑکوں کا نظام مخدوش ہے، بڑی شاہراہوں پر ڈرائیونگ اکثر خطرناک انداز میں کی جاتی ہے اور ٹریفک ضابطے یا تو موجود نہیں یا پھر ان پر عمل نہیں کیا جاتا۔