ریاض: شامی عازمین کا پہلا قافلہ منگل کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ سعودی پریس ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔ شامی عازمین کے پہلے قافلے میں 200 سے زائد عازمین شامل ہیں جو 12 سال کے وقفے کے بعد مملکت پہنچے ہیں۔ قبل ازیں، حج فلائٹ سروس دوبارہ شروع کرتے ہوئے شامی عازمین حج کو سفر حج پر سعودی شہر جدہ لے جانے والی پہلی پرواز منگل کے روز دمشق سے روانہ ہوئی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے ڈائریکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن، باسم منصور کے حوالے سے بتایا کہ 2023 میں شام اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد، 270 عازمین حج کو لے جانے والی پرواز، شام کی طرف سے حج سیزن-2024 کے آغاز کی بھی علامت ہے۔
باسم منصور نے مزید کہا کہ حکام نے حاجیوں کے لیے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں داخل ہونے سے لے کر بورڈنگ اور ٹیک آف تک ہموار اور محتاط سفر کے تجربے کو یقینی بنایا۔
قابل ذکر ہے کہ اس ہفتے کے اوائل میں سعودی حکومت نے 2012 کے بعد شام میں اپنا پہلا سفیر مقرر کیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان منقطع تعلقات کی مدت کے دوران، حج کرنے کے خواہاں شامی عازمین کو پڑوسی ممالک سے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت پڑتی تھی۔
شامی وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک عہدیدار سلیمان خلیل نے کہا کہ 2012 میں دونوں ممالک کے درمیان تمام مسافر پروازوں کو روکنے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے جب کوئی پرواز سعودی عرب کے لئے روانہ ہوئی۔ خلیل نے مزید کہا، ’’یہ فیصلہ صرف حج کی مدت پر لاگو ہوتا ہے اور ہم براہ راست ہوائی راستے کو دوبارہ کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔‘‘