پاکستان مسلم لیگ-نواز (پی ایم ایل-این) کے سینئر لیڈر شہباز شریف ایک بار پھر پاکستان کے وزیر اعظم منتخب کر لیے گئے ہیں۔ شہباز شریف نے 2 مارچ کو وزیر اعظم عہدہ کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ ان کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ عمر ایوب خان کھڑے ہوئے تھے۔ آج جب ووٹنگ ہوئی اور اس کا نتیجہ برآمد ہوا تو شہباز شریف کے حق میں 201 ووٹ پڑے اور عمر ایوب کے حق میں محض 92 ووٹ ڈالے گئے۔ یعنی شہباز شریف کی 109 ووٹوں سے فتح ہوئی، اور اس کے ساتھ ہی وہ دوسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے حقدار ہوئے۔
ووٹنگ سے پہلے ہی اعداد و شمار دیکھ کر پی ایم ایل-این امیدوار شہباز شریف کی کامیابی ظاہر تھی۔ ووٹنگ کا نتیجہ برآمد ہونے کے بعد شہباز شریف کے نام کا اعلان بھی نئے وزیر اعظم کی شکل میں کر دیا گیا۔ ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ شہباز شریف پیر کے روز اس عہدہ کا حلف لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں ہوئے عام انتخاب کا نتیجہ جب سامنے آیا تو کسی بھی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد نواز شریف کی پارٹی پی ایم ایل-این نے پی پی پی اور ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کر کے حکومت سازی کا فیصلہ کیا تھا۔ شہباز شریف پاکستان کے سابق زیر اعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔ انھوں نے پارٹی کی طرف سے وزیر اعظم عہدہ کے لیے شہباز شریف کا نام پیش کیا۔ اس سے قبل شہباز شریف اپریل 2022 سے اگست 2023 تک پاکستان کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ اس وتق بھی انھوں نے پی پی پی کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت چلائی تھی۔