National

پون سنگھ نے بی جے پی کو دیا جھٹکا! آسنسول سے الیکشن نہ لڑنے کا کیا اعلان

74views

بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہوئے مغربی بنگال کے آسنسول سے بھوجپوری فلم اداکار پون سنگھ کو بھی ٹکٹ دیا تھا، لیکن اس اعلان کے محض ایک دن بعد ہی پون سنگھ نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس سیٹ سے ترنمول کانگریس لیڈر اور فلم اسٹار شتروگھن سنہا رکن پارلیمنٹ ہیں اور اب بی جے پی کو ان کے خلاف کوئی دوسرا امیدوار میدان میں اتارنا ہوگا۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے ہفتہ کو لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنے 195 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی جس میں آسنسول سے پون سنگھ کا بھی نام شامل تھا۔ بی جے پی کے ذریعے ٹکٹ دیے جانے پر پون سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی اعلیٰ کمان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’’آسنسول سے مجھے لوک سبھا امیدوار بنائے جانے کے لیے بی جے پی کی قومی قیادت کے تمام اہم لیڈران کو وندن، چندن و ابھینندن۔‘‘ لیکن اس وندن، چندن و ابھینندن کے محض ایک دن بعد ہی انہوں نے الیکشن لڑنے سے معذوری ظاہر کر دی۔

الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا دل و جان سے مشکور ہوں کہ پارٹی نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے آسنسول کا امیدوار بنایا لیکن کسی وجہ سے میں آسنسول سے الیکشن نہیں لڑ پاؤں گا۔‘‘ اس میں انہوں نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کو ٹیگ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی نے جن بھوجپوری فلم اداکاروں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے ان میں دنیش لال نرہوا، منوج تیواری اور روی کشن پہلے سے ہی ہی بی جے پی کے رکن پارلمنٹ ہیں، جبکہ پون سنگھ کو مغربی بنگال کے آسنسول سے شتروگھن سنہا کے مقابلے میدان میں اتارا گیا تھا۔

بہار کے آرہ باشندہ پون سنگھ کو بھوجپوری  فلموں کا ’پاور اسٹار‘ کہا جاتا ہے۔ بی جے پی کے ذریعے آسنسول سے ان کے نام کا اعلان ہونے سے قبل اس بات کا  قوی امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بی جے پی انہیں آرہ سے ہی ٹکٹ دے گی، لیکن انہیں آسنسول سے شتروگھن سنہا کے سامنے ٹکٹ دینے کا اعلان کیا گیا۔ پون سنگھ کے الیکشن نہ لڑنے کے ‘ایکس‘ پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے ٹی ایم سی لیڈر ابھشیک بنرجی نے لکھا ہے کہ ’’مغربی بنگال کے لوگوں کا ناقابل تسخیر جذبہ اور طاقت۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.