National

’نریندر مودی کی جھوٹی باتوں سے بھٹکنا مت‘، ملک کے نوجوانوں سے راہل گاندھی کی اپیل

74views

لوک سبھا انتخاب کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر ملک کے نوجوانوں سے ایک خاص گزارش کی ہے۔ انھوں نے اس ویڈیو میں نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ نریندر مودی کی جھوٹی باتوں سے اپنا دھیان نہ بھٹکائیں، بلکہ اپنے ایشوز پر ڈٹے رہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ 4 جون کو انڈیا بلاک کی حکومت بننے جا رہی ہے اور ہماری گارنٹی ہے کہ ہم 15 اگست تک 30 لاکھ خالی سرکاری عہدوں پر بھرتی کا کام شروع کر دیں گے۔

راہل گاندھی نے اس ویڈیو پیغام کے شروع میں کہا ہے کہ ’’ملک کی طاقت، ملک کے نوجوانوں! نریندر مودی کے ہاتھ سے لوک سبھا انتخاب نکل رہا ہے، انھیں شکست ملنے والی ہے اور وہ ہندوستان کے (اگلے) وزیر اعظم نہیں بنیں گے۔ اس لیے انھوں نے فیصلہ لے لیا ہے کہ اگلے 5-4 دن میں آپ کے دھیان کو بھٹکانا ہے۔ کچھ نہ کچھ ڈراما کرنا ہے۔ آپ کے دھیان کو بھٹکنا نہیں چاہیے۔‘‘

راہل گاندھی اس ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ بے روزگاری سب سے بڑا ایشو ہے۔ نریندر مودی نے آپ سے کہا تھا کہ سالانہ دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دیں گے، یہ ان کا جھوٹ تھا۔ نوٹ بندی کی، غلط جی ایس ٹی نافذ کر دیا اور سارا کا سارا کام اڈانی جیسے لوگوں کو دے دیا ہے۔

ویڈیو کے آخر میں راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’ہم بھرتی بھروسہ منصوبہ لا رہے ہیں۔ 4 جون کو انڈیا کی حکومت بننے جا رہی ہے اور ہماری گارنٹی ہے کہ 15 اگست تک ہم 30 لاکھ خالی سرکاری عہدوں پر بھرتی کا کام شروع کر دیں گے۔ نریندر مودی کی جھوٹی باتوں سے بھٹکنا مت، اپنے ایشوز پر ڈٹے رہنا۔ انڈیا کی سنو، نفرت نہیں ملازمت چنو۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.