بہار: شادی میں کھانا کھا کر 50 سے زیادہ لوگوں کی بگڑی طبیعت، اسپتال میں داخل، فوڈ پوائزننگ کا اندیشہ

بہار میں ایک شادی تقریب کے دوران کھانا کھا کر درجنوں افراد بیمار ہو گئے ہیں۔ معاملہ آرہ کا ہے جہاں بھوجپور ضلع کے ایٹاوا گاؤں میں پیر کی شب شادی تقریب میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب یکے بعد دیگرے 50 سے زیادہ لوگوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ سبھی کو دست اور پیٹ میں درد کی شکایت ہونے لگی۔ بیمار پڑنے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے۔ سبھی کو علاج کے لیے شاہ پور ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سنگین طور پر بیمار 10 لوگوں کو علاج کے لیے آرہ صدر اسپتال پہنچایا گیا جہاں فوری طور پر علاج شروع کر دیا گیا۔
اس واقعہ کے تعلق سے بیمار لوگوں کے رشتہ داروں نے میڈیا کو بتایا کہ شادی میں شرکت کے مقصد سے اتوار کی شب بڑی تعداد میں لوگ پہنچے تھے۔ پیر کے روز سبھی لوگوں نے حلوائی کے بنائے گئے کھانے کو کھایا تھا، اور اس کے بعد دیر شام سے ہی اچانک سبھی لوگوں کی طبیعت بگڑنے لگی۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ فوڈ پوائزننگ کا معاملہ ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایٹاوا گاؤں کے ونشی دھر سنگھ کی بیٹی انجلی کی شادی ٹاؤن علاقہ کے مجھوا گاؤں باشندہ ارون کمار سنگھ کے بیٹے پرکاش کمار سے طئے ہوئی تھی۔ 24 فروری کو تلک ہوا تھا اور آج یعنی 27 فروری کو شادی ہے۔ لیکن اس سے قبل ہی درجنوں افراد کے بیمار ہونے سے افرا تفری پھیل گئی۔ حالانکہ بیشتر مریضوں کی حالت مستحکم ہے اور جلد ہی انھیں اسپتال سے چھٹی مل جانے کی بات کہی جا رہی ہے۔
