National

کیرالہ اور شمال مشرق میں وقت سے پہلےپہنچا مانسون، شمالی ہندوستان کے لوگوں کوابھی انتظار کرنا پڑے گا

68views

شمال مشرقی ہندوستان اور کیرالہ میں مانسون کی دستک کے دوران محکمہ موسمیات نے شمالی ہندوستان میں مانسون کے بارے میں ایک اہم اپ ڈیٹ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہندوستان  کے لوگوں کو مانسون کا انتظار کرنا پڑے گا۔

ملک میں چلچلاتی گرمی کے درمیان مانسون وقت سے دو دن پہلے کیرالہ اور شمال مشرقی ہندوستان میں پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات یعنی  آئی ایم ڈی نے مانسون کی آمد کا اعلان کر دیا۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، مانسون دو دن پہلے آچکا ہے، جب کہ یہ عام طور پر کیرالہ میں یکم جون کو آتا ہے۔ آئی ایم ڈی نے اسے ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق شمال مشرقی ہندوستان اور کیرالہ میں مانسون کی آمد کے  درمیان، آئی ایم ڈی نے شمالی ہندوستان میں مانسون کے بارے میں ایک اہم اپ ڈیٹ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈی جی ڈاکٹر مرتیونجے مہاپاترا نے کہا کہ شمالی ہندوستان کو مانسون کا انتظار کرنا پڑے گا۔

دہلی میں مانسون کی جلد آمد کے بارے میں محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئی پیشین گوئی نہیں کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے ڈی جی ڈاکٹر مرتیونجے مہاپاترا نے کہا، “اگلے ایک ہفتے تک دہلی میں مانسون کی بارش نہیں ہوگی۔ دہلی میں مانسون کی آمد کی عام تاریخ 29 جون ہے۔ تاہم اگلے تین دنوں میں دہلی کے درجہ حرارت میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔ ہمیں شمالی ہندوستان میں مانسون کا انتظار کرنا پڑے گا۔

آئی ایم ڈی کے ڈی جی نے کہا کہ جمعرات (30 مئی) کو مانسون جنوبی ہندوستان میں کیرالہ، کنیا کماری، کوئمبٹور اور شمال مشرقی ہندوستان میں پہنچ گیا ہے۔ یہ مانسون اگلے ایک ہفتہ میں تلنگانہ، کرناٹک اور گوا کے علاقوں سے ٹکرائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.