International

جبالیا کو محاصرے اور جبری ہجرت کا سامنا، اسرائیل کا ہسپتال پر دھاوا

31views

غزہ 25 اکتوبر (ایجنسی) رواں ماہ کی چھ تاریخ سے غزہ پٹی کے شمال میں جبالیا پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں علاقے میں ایک ہسپتال پر بم باری کی گئی ہے۔کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفيہ نے جمعے کے روز بتایا کہ جبالیا میں واقع ہسپتال پر اسرائیلی ٹینکوں کی مسلسل گولہ باری کے نتیجے میں طبی عملے کے کئی ارکان زخمی ہو گئے۔بعد ازاں العربیہ کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر دھاوا بول دیا۔ اسرائیلی فوج نے تمام زخمیوں اور ان کے ہمراہ موجود افراد کو ہسپتال کی کھلی جگہ پر اکٹھا کیا اور پھر مردوں کو خواتین سے الگ کر دیا۔واضح رہے کہ رواں ماہ چھ اکتوبر سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر نیا حملہ شروع کیا۔ فلسطینی شہری دفاع کے مطابق اس کے نتیجے میں چند روز کے دوران میں تقریبا 800 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خان یونس میں 24 افراد جاں بحق
دوسری جانب غزہ کی پٹی کے جنوب میں العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل نے خان یونس شہر پر بم باری کی۔ اس کے نتیجے میں 24 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔شہری دفاع کے مطابق اس کے کارکنان نے اب تک 14 لاشیں نکال لی ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے خان یونس کے جنوبی علاقے المنارہ میں ایک گھر پر میزائل داغا تھا۔
حیفا پر راکٹ
العربیہ کے نمائندے کے مطابق لبنان سے اسرائیل میں حیفا اور قیساریا کی سمت متعدد راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی دفاعی نظام نے ان میں سے کئی راکٹوں کو روک دیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے حزب اللہ کی رضوان فورس کے فیلڈ کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔حزب اللہ نے گذشتہ روز شمالی اسرائیل کی سمت 100 سے زیادہ راکٹ داغے جب کہ سرحدی قصبے عیتا الشعب میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔ غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے جمعے کی شام ایک اعلان میں بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیا کے علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے۔اس سلسلے میں غزہ میں ادارے کے ترجمان محمود بصل کے مطابق جبالیا شہر میں اسرائیلی بم باری سے 12 افراد جانوں سے گئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔اس سے قبل غزہ کے شمال میں شہری دفاع کے سربراہ احمد کحلوت نے بتایا تھا کہ جبالیا شہر پناہ گزین کیمپ پر کئی حملوں میں 18 افراد جاں بحق ہو گئے۔مزید یہ کہ پناہ گزین کیمپ میں “آٹھ اسکولوں” کو خاص طور پر نقصان پہنچا۔
جہاں نقل مکانی کرنے والے افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ محمود بصل کے مطابق حملے کے بعد 14 افراد لا پتا ہیں۔ لگتا ہے کہ وہ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔شہری دفاع کے ذرائع کے مطابق جمعے کو دن بھر ہونے والے حملوں میں کم از کم 110 افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے بتایا ہے کہ جبالیا پر اسرائیلی بم باری شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد ہزاروں افراد کیمپ میں محصور ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حملے کی اس مہم کا مقصد حماس کو اپنی صفیں از سر نو ترتیب دینے سے روکنا ہے۔جبالیا شمالی علاقہ ہے جو غزہ میں تاریخی طور پر سب سے بڑا پناہ گزین کیمپ ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.