National

لوک سبھا انتخاب 2024: کانگریس نے جاری کی نویں فہرست، راجستھان کے 2 اور کرناٹک کے 3 امیدواروں کا اعلان

111views

کانگریس نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اپنے امیدواروں کی نویں فہرست آج جاری کر دی۔ اس فہرست میں 5 امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں سے 2 راجستھان کی لوک سبھا سیٹوں کے لیے اور 3 کرناٹک کی لوک سبھا سیٹوں کے لیے انتخابی میدان میں اتارے گئے ہیں۔ کانگریس اب تک 200 سے زائد امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے، لیکن اتر پردیش اور بہار سمیت کچھ دیگر ریاستوں کی اہم لوک سبھا سیٹوں پر اب تک کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

جمعہ کے روز جاری کانگریس کی نویں فہرست کے مطابق راجستھان کی بیلواڑہ سے سی پی جوشی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ راجسمند سے ڈاکٹر دامودر گوجر کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔ اس سیٹ سے پہلے سدرشن راوت کو ٹکٹ دیا گیا تھا، لیکن اب امیدوار کو بدل دیا گیا ہے۔ دوسری طرف کرناٹک کی بیلاری لوک سبھا سیٹ سے ای. ٹھکرام کو ٹکٹ دیا گیا ہے، جبکہ چامراج نگر سے سنیل بوس اور چکبلاپور سے رکشا رمیا کو قسمت آزمائی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی 18ویں لوک سبھا کے لیے مجموعی طور پر سات مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 543 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ہونے والے اس لوک سبھا انتخاب میں پہلے مرحلہ کے تحت 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ 26 اپریل، تیسرے مرحلہ کی 7 مئی، چوتھے مرحلہ کی 13 مئی، پانچویں مرحلہ کی 20 مئی، چھٹے مرحلہ کی 25 مئی اور ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ یکم جون کو ہوگی۔ سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی اور اسی دن نتائج بھی برآمد ہو جائیں گے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.