National

لوک سبھا انتخابات 2024: بینک اور ڈاک خانے چلائیں گے عوامی بیداری مہم، انتخابی کمیشن کے ساتھ ہوا معاہدہ

97views

انتخابی کمیشن نے آئندہ لوک سبھا انتخاب میں ووٹ فیصد بڑھانے کی اپنی کوششوں کے تحت ووٹرس کے درمیان بیداری پھیلانے کے لیے ایک انتہائی اہم قدم اٹھایا۔ پیر کے روز اس نے بینکوں اور ڈاک خانوں کو اپنے ساتھ جوڑا اور پھر افسران کو اس سے متعلق جانکاری دی۔

قابل ذکر ہے کہ انتخابی کمیشن نے اکثر حق رائے دہی (ووٹنگ) سے متعلق شہری آبادی اور نوجوانوں کے مایوس کن رویہ پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ یہ فکر اس بات کو دیکھتے ہوئے ظاہر کی گئی ہے کہ کئی رجسٹرڈ ووٹرس گزشتہ انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے پولنگ مراکز پر نہیں پہنچے۔ گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں 91 کروڑ ووٹرس میں سے 30 کروڑ سے زائد نے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا تھا۔

انتخابی کمیشن نے لوک سبھا انتخاب سے قبل ووٹرس تک پہنچنے اور ان کے درمیان بیداری بڑھانے کی کوششوں کو رفتار دینے کے لیے دو اہم اداروں انڈین بینک ایسو سی ایشن (آئی بی اے) اور ڈاک محکمہ (ڈی او پی) کے ساتھ ایک معاہدہ (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس پیش قدمی کا مقصد ملک میں انتخابی بیداری بڑھانے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھنا ہے۔ انتخابی کمیشن نے حال میں اسکولوں و کالجوں کے تعلیمی نصاب میں انتخابی خواندگی کو رسمی طور سے شامل کرنے کے لیے وزارت تعلیم کے ساتھ بھی ایک معاہدہ پر دستخط کیا تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.