National

دہلی ہائی کورٹ سے کیجریوال کو نہیں ملی راحت، گرفتاری کے خلاف اب 3 اپریل کو ہوگی سماعت

65views

دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو دہلی ہائی کورٹ سے فوری راحت نہیں مل پائی ہے۔ عدالت نے کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف ای ڈی کو جواب داخل کرنے کے لیے 2 اپریل تک کا وقت دے دیا ہے اور اس معاملے آئندہ سماعت کے لیے 3 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یعنی کیجریوال کو 3 اپریل تک ہائی کورٹ سے کوئی راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔

آج صبح دہلی ہائی کورٹ میں کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف داخل عرضی پر سماعت ہوئی اور دونوں فریقین کے وکلاء نے اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ آج کی سماعت ختم ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کچھ گھنٹے بعد فیصلہ سنانے کی خبریں سامنے آئیں۔ اب عدالت نے جو حکم جاری کیا ہے اس کے مطابق ای ڈی کو 2 اپریل تک اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنا ہے اور پھر 3 اپریل کو اس معاملے میں آگے کی سماعت ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ای ڈی نے تقریباً دو گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد 21 مارچ کی شب ان کی سرکاری رہائش سے گرفتار کیا تھا۔ مبینہ آبکاری گھوٹالہ میں انھیں راؤز ایونیو کورٹ نے 28 مارچ تک ای ڈی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس کے خلاف عآپ کے سبھی لیڈران و کارکنان سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران نے بھی کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بہرحال، ای ڈی کی طرف سے گرفتاری اور حراست کو چیلنج دینے والی کیجریوال کی عرضی پر جسٹس سورن کانتا شرما کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے ای ڈی کو جواب داخل کرنے کے لیے 2 اپریل تک کا وقت دے دیا ہے، اور اس سے پہلے یعنی 28 مارچ کو ہی ای ڈی کی حراست ختم ہو رہی ہے۔ ای ڈی کی حراست میں مزید توسیع ہوگی یا نہیں، اس سلسلے میں کل سب کچھ صاف ہو جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.