لوک سبھا انتخاب سے عین قبل آر جے ڈی نے پھر جنتا دل یو کو پہنچائی چوٹ، کئی لیڈران نے چھوڑا نتیش کا ساتھ

لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان لیڈران کا ایک پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بہار میں نتیش کمار کے لیے لگاتار بری خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان کی پارٹی کے کئی بڑے و چھوٹے لیڈران ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق لوک سبھا انتخاب سے عین قبل ایک بار پھر بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید چوٹ پہنچائی ہے۔ جنتا دل یو کے کچھ اہم لیڈران کو انھوں نے اپنی پارٹی میں شامل کیا ہے جو آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
جنتا دل یو کو تازہ جھٹکا کیوٹی میں لگا ہے جہاں پارٹی کے ضلع جنرل سکریٹری عبدالمنان انصاری نے اپنے عہدہ اور پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ اتنا ہی نہیں، آر جے ڈی چیف لالو پرساد کی موجودگی میں انھوں نے آر جے ڈی کی کنیت بھی حاصل کر لی۔ ان کے ساتھ ساتھ بلاک کی جلوارا پنچایت کے مکھیا محمد شہاب الدین عرف حسنین اور اسراہا پنچایت کے سابق مکھیا عبدالملک نے بھی جنتا دل یو کی بنیاد رکنیت سے استعفیٰ دے کر آر جے ڈی کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔
