Sports

آئی پی ایل 2024: چنئی سپرکنگز نے اٹھایا حیرت انگیز قدم، دھونی کی جگہ نئے کپتان کا اعلان

360views

آئی پی ایل 2024 کی کل یعنی 22 مارچ سے شروعات ہونے والی ہے۔ پہلا مقابلہ چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لیکن اس میچ سے ٹھیک ایک دن پہلے چنئی نے کپتانی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کی جگہ اس مرتبہ ریتورج گائیکواڈ کو ٹیم کا نیا کپتان بنایا گیا ہے۔ انھیں آئی پی ایل کے آغاز سے ٹھیک پہلے یہ ذمہ داری سونپنے کا اعلان کیا گیا ہے جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔

چنئی کے نئے کپتان سے متعلق جانکاری آئی پی ایل (انڈین پریمیر لیگ) کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دی گئی ہے۔ یہ چنئی سپرکنگز کے شیدائیوں کے لیے ایک زوردار جھٹکا بھی ہے، کیونکہ وہ دھونی کی کپتانی میں ٹیم کو کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے تھے۔ چونکہ ایسے امکانات ہیں کہ دھونی کے لیے یہ آخری آئی پی ایل ٹورنامنٹ ہوگا، اس لیے بھی چنئی ٹیم کی حمایت کرنے والے سبھی کرکٹ شیدائی دھونی کو کپتان کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن رتوراج گائیکواڈ کو کپتان بنانے کا اعلان ہو چکا ہے۔

بہرحال، یہ تو فائنل ہو چکا ہے کہ چنئی سپرکنگز کو پانچ مرتبہ آئی پی ایل کا خطاب جتانے والے مہندر سنگھ دھونی آئندہ سیزن میں کپتانی کرتے ہوئے دکھائی نہیں دیں گے۔ یہ پہلی بار نہیں ہے جب دھونی نے یہ ذمہ داری چھوڑی ہے۔ اس سے قبل آئی پی ایل 2022 میں بھی ٹیم مینجمنٹ نے کپتانی میں بدلاؤ کیا تھا۔ اس وقت اسٹار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو دھونی کی جگہ کپتان بنایا گیا تھا۔ حالانکہ وہ اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں نہیں نبھا سکے اور لیگ میچوں میں ٹیم کو کچھ شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نتیجۂ کار انھوں نے ٹیم کا ساتھ درمیان میں ہی چھوڑ دیا تھا اور کپتانی سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد ازاں دھونی نے ایک بار پھر کپتانی سنبھالی تھی۔ گزشتہ سیزن میں ایک بار پھر دھونی کپتان رہے اور ٹیم کو چمپئن بھی بنایا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.