Bihar Train Accident

نارتھ ایسٹ ایکسپریس حادثے میں ماں بیٹی سمیت چار افراد کی موت

171views

پٹنہ، 12 اکتوبر: آنند وہار سے کامکھیا جانے والی نارتھ ایسٹ ایکسپریس ایسٹ سنٹرل ریلوے (ای سی آر) کے پٹنہ جنکشن دین دیال اپادھیائے ریلوے لائن پر رگھوناتھ پور کے قریب بدھ کی رات 23 ڈبو ں کے پٹری سے اترنے سے ماں بیٹی سمیت چار لوگوں کی موت ہو گئی۔
ای سی آر نے بتایا کہ آنند وہار ٹرمینل سے کامکھیا جانے والی ٹرین نمبر 12506 نارتھ ایسٹ ایکسپریس کے 23 ڈبے بدھ کو تقریباً 21:35 بجے دانا پور ڈویژن کے رگھوناتھ پور اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئے۔ اس حادثے میں 4 مسافروں کی موت ہو گئی اور 100 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔ 75 شدید زخمی مختلف اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔
بکسر ضلع کے برہم پور (رگھوناتھ پور) کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل انچارج نے بتایا کہ حادثے کے متاثرین کو علاج کے لیے اسپتال لایا گیا، جہاں چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ ان میں آسام کے تینسوکیا کے رہنے والے دیپک بھنڈاری کی بیوی اوشا بھنڈاری (33) اور ان کی جڑواں بیٹیوں میں سے ایک آکرتی بھنڈاری (8)، بہار کے کشن گنج ضلع بسن پور سپتیاکے ابو زید (27) اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔ مسٹر بھنڈاری کا خاندان اس وقت دہلی کے مہرولی میں رہتا ہے۔
دریں اثنا، جمعرات کو بہار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری پرتیا امرت نے کہا کہ چوتھے مرنے والے کی شناخت نریندر کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ راجستھان کا رہنے والا تھا اور بیگوسرائے کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں کام کرتا تھا۔ وہ ریاستی صحت کمیٹی کا ملازم تھا

زخمی دیپک بھنڈاری نے بتایا کہ وہ، اس کی بیوی اوشا بھنڈاری اور جڑواں بیٹیاں آکرتی (8) اور ادیتی (8) جلپائی گوڑی جارہے تھے۔ رگھوناتھ پور کے قریب ٹرین کے ایم1 سمیت کئی ڈبے پٹری سے اترگئے۔ ان کی بیوی اور بیٹی آکرتی ٹرین کی کھڑکی سے باہر گر گئیں۔اس حادثے میں ان کی بیوی اور بیٹی آکرتی کی موت ہو گئی۔ان کا اور اس کی دوسری بیٹی کابرہما پور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں علاج چل رہا ہے۔
ٹرین کے مسافروں نے بتایا کہ وہ سو رہے تھے اسی دوران تیز جھٹکوں کے ساتھ زور دار دھماکہ ہوااور چیخ و پکار کی آوازیں آئیں۔ موت کا یہ منظر دیکھ کر سب کی روح کانپ اٹھی۔ کسی طرح ہم کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر نکل آئے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب ٹرین حادثے کا شکار ہوئی تو اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ لوگ بھاگ کر موقع پر پہنچ گئے۔ لوگوں کو ٹرین سے باہر نکالاگیا۔
سب ڈویڑنل افسر دھیریندر کمار مشرا نے بتایا کہ اس حادثے میں چار لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ تقریباً 100 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ بکسر کے سول سرجن ڈاکٹر سریش چندر سنہا نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو ایمس پٹنہ اور دیگر کو قریبی اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ فائر آفیسر ونود کمار یادو نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں اس حادثے کی اطلاع ملی، برہم پور پولیس اسٹیشن میں تعینات ان کی ٹیم سب سے پہلے موقع پر پہنچی اور راحت اور بچاؤ شروع کیا۔

یہاں داناپور ریلوے ڈویڑن نے 75 شدید زخمیوں کی فہرست جاری کی ہے جو زیر علاج ہیں۔ عام زخمیوں کو علاج کے بعد چھوڑ دیا گیاہے۔ تین سنگین طورپر زخمی خواتین سمیت 10 لوگوں کا علاج آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) پٹنہ میں کیا گیا، نو لوگوں کا صدر اسپتال بھوجپور میں، 38 افراد جن میں چار خواتین شامل ہیں، رگھوناتھ پور پرائمری ہیلتھ سنٹر میں، ایک شخص پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال (پی ایم سی ایچ)، تین خواتین سمیت 12 افرادبکسر صدر اسپتال میں، دو افراد سب ڈویڑنل اسپتال میں زیر علاج ہیں، ایک خاتون سمیت تین افراد جگدیش پور (آرا) سب ڈویڑنل اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دریں اثنا، ای سی آر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر وریندر کمار نے آج کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے اس بدقسمت واقعہ میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دی ہے۔ اس کے علاوہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو 50ہزار روپے بطور ایکس گریشیا دئیے گئے۔تمام مسافروں کو خصوصی انتظامات کے تحت رگھوناتھ پور سے ایک اسپیشل ٹرین جائے وقوع سے منزل تک جانے کے لیے کھولی گئی ہے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، مقامی انتظامیہ کی مدد سے تمام زخمیوں کو رگھوناتھ پور، آرا، بکسر اور پٹنہاسپتالوں میں داخل کرایاہے۔ ٹرینوں کی آمدورفت بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ حادثے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز جاری کیے گئے ہیں۔ حادثے کی تحقیقات کمشنر آف سیفٹی (ریلوے)، ایسٹرن سرکل، کولکاتا کے ذریعہ کیا جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.