
پٹنہ، 19 اکتوبر:- بہار میں سردی نے دستک دے دی ہے۔ اس کا احساس صبح اور دیر رات کے بعد محسوس ہوتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق 20 تاریخ سے سردی مزید بڑھے گی۔ آئندہ تین دن تک بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ نے کچھ اضلاع میں کہرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ریاست میں موسمی درجہ حرارت میں کمی درج کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے کم درجہ حرارت سیتامڑھی کے پپری میں 16.2 ڈگری سیلسیس تھا۔ اکتوبر کے مہینے میں بہار میں ہونے والی بارش کی وجہ سے اس بار سردی جلدی پڑنے لگی ہے۔ اس وجہ سے بعض گھروں میں گرم چادریں اور کمبل نکل گئے ہیں۔ راجدھانی پٹنہ، بھاگلپور، گیا، مظفر پور، کٹیہار، پورنیہ اورکشن گنج سمیت کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جس کے باعث ان علاقوں میں سردی بڑھ گئی ہے۔ ریاست کے 22 شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں ریکارڈ کمی درج کی گئی ہے۔ آئندہ تین روز تک کہرے اور سردی کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
