National

اوپیندر کشواہا کے خلاف انتخاب لڑ رہے بھوجپوری فلم اسٹار پون سنگھ کو بی جے پی نے پارٹی سے نکالا

129views

بی جے پی نے بھوجپوری سپر اسٹار پون سنگھ کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ وہ کاراکاٹ لوک سبھا سیٹ سے این ڈی اے کے امیدوار اوپیندر کشواہا کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پون سنگھ کے خلاف یہ کارروائی ڈسپلن اور پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر کی گئی ہے۔ انہیں بہار بی جے پی صدر سمراٹ چودھری کے حکم پر پارٹی سے نکالاگیا ہے۔

بہار بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کے انچارج اروند شرما کی طرف سے جاری کیے گئے اخراج کے حکم میں لکھا گیا ہے کہ پون سنگھ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کے مجاز امیدوار کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا کام پارٹی مخالف ہے۔ انہوں نے یہ کام پارٹی ڈسپلن کے خلاف کیا ہے جس کی وجہ سے پارٹی کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے ریاستی صدر کے حکم کے مطابق انہیں بی جے پی سے نکالا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے جاری کی گئی اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست میں بی جے پی نے مغربی بنگال کے آسنسول سے پون سنگھ کو ٹکٹ دیا تھا۔ بھوجپوری اسٹار نے ٹکٹ ملنے پر بی جے پی اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آسنسول کے ساتھ اپنے خون پسینے اور روزی روٹی کے رشتے کے بارے میں بھی بتایا تھا، مگر ٹکٹ ملنے کے ایک دن بعد ہی انہوں نے آسنسول سے الیکشن لڑنے سے معذوری ظاہر کر دی تھی۔ اس کے بعد بی جے پی نے ان کی جگہ ایس ایس اہلووالیا کو آسنسول سے اپنا امیدوار بنایا۔ ٹی ایم سی نے اس سیٹ سے فلم اداکار شتروگھن سنہا کو میدان میں اتارا ہے۔

پون سنگھ نے چند دنوں کے بعد اعلان کیا کہ وہ کاراکاٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا ’ماتا گروترا بھومیرو‘ یعنی ماں اس زمین سے کہیں زیادہ بھاری ہے اور میں نے اپنی ماں سے وعدہ کیا تھا کہ میں اس بار الیکشن لڑوں گا۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں 2024 کا لوک سبھا الیکشن بہار کے کاراکاٹ سے لڑوں گا۔ جے ماتا دی‘۔ کاراکاٹ راشٹریہ لوک مورچہ کے صدر اوپیندر کشواہا این ڈی اے کے امیدوار ہیں۔ پون سنگھ کے الیکشن لڑنے سے کاراکاٹ سیٹ پر مقابلہ سہ رخی ہو گیا ہے۔ سی پی آئی ایم ایل کے راجا رام سنگھ کشواہا یہاں سے مہاگٹھ بندھن سے امیدوار ہیں۔ اس سیٹ پر ساتویں اور آخری مرحلے میں یکم جون کو ووٹنگ ہونی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.