Sports

ارول پٹیل کی تیز ترین ٹی20 سنچری

20views

گجرات نے تریپورہ کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا

اندور، 27 نومبر (یو این آئی) ارول پٹیل کی (ناٹ آؤٹ 113) رنوں کی ریکارڈ توڑ تاریخی سنچری کی بنیاد پر گجرات نے سید مشتاق علی ٹرافی میں تریپورہ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔گجرات نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری تریپورہ نے 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 155 رنز بنائے۔ گجرات کے لیے اے ناگواس والا نے 4 اوور میں 35 رن دے کر تین وکٹ لیے۔ چنتن گاجا نے تین اوورز میں 18 رنز دے کر دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔بدھ کو 156 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات نے یہ ہدف 10.2 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ دائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بلے باز ارول نے 35 گیندوں پرناٹ آؤٹ 113 رنز کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے میدان کے چاروں طرف شاٹس لگاتے ہوئے اپنی اس اننگ میں سات چوکے اور 12 چھکے لگائے۔ گجرات نے یہ میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔ یہ ٹی-20 فارمیٹ میں کسی بھی ہندوستانی کی تیز ترین اور دنیا کی دوسری تیز ترین سنچری ہے۔پچھلے سال کسی ہندوستانی کی طرف سے لسٹ اے میچوں میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کے بعد گجرات کے اوپنر ارول پٹیل نے آج ٹی-20 میچ میں بھی 28 گیندوں میں سنچری بنائی ہے۔ ارول نے سید مشتاق علی ٹرافی میں تریپورہ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ایسٹونیا کے ساحل چوہان کے نام ہے۔ ساحل نے رواں سال جون میں قبرص کے خلاف 27 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ تیز ترین ٹی-20 سنچری کا ہندوستانی ریکارڈ اب تک رشبھ پنت کے نام تھا ۔ انہوں نے جنوری 2018 میں سید مشتاق علی ٹرافی میں ہی ہماچل پردیش کے خلاف 32 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔گزشتہ سال نومبر میں 27 سالہ ارول نے لسٹ اے کی سنچری 41 گیندوں میں بنائی تھی۔ تیز ترین لسٹ اے سنچری کا ہندوستانی ریکارڈ یوسف پٹھان کے نام ہے جنہوں نے یہ کارنامہ 40 گیندوں میں انجام دیا تھا۔ ارول آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنز کے ساتھ تھے، لیکن انہیں کوئی میچ نہیں ملا۔ گجرات ٹائٹنز نے انہیں 2024 میں ریلیز کردیا تھا۔ ان کا نام آئی پی ایل 2025 میں نیلامی کی فہرست میں بھی تھا، لیکن وہ کسی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.