National

سونیا گاندھی سمیت 14 ارکان پارلیمنٹ نے راجیہ سبھا رکن کے طور پر حلف لیا

151views

نئی دہلی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو سمیت 14 ارکان پارلیمنٹ نے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لے لیا ہے۔ سونیا گاندھی راجستھان سے منتخب ہو کر ایوان بالا میں پہنچی ہیں جبکہ اشونی ویشنو اوڈیشہ سے رجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے تمام ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں حلف دلایا۔

کرناٹک سے کانگریس لیڈر اجے ماکن، اتر پردیش سے بی جے پی لیڈر آر پی این سنگھ اور مغربی بنگال سے بی جے پی کے سامیک بھٹہ چاریہ بھی ان 14 لیڈران میں شامل ہیں جنہوں نے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا ہے۔ آندھرا پردیش سے وائی ایس آر سی پی لیڈر گولا بابو راؤ، میدھا رگھو ناتھ ریڈی اور یارم وینکٹ سبا ریڈی نے بھی راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف لیا ہے۔

حلف اٹھانے والے راجیہ سبھا کے ان تمام ارکان پارلیمنٹ نے بعد میں راجیہ سبھا کے چیئرمین کے ساتھ گروپ تصویر کھنچوائی۔ سونیا گاندھی پہلی مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایوان کے قائد پیوش گوئل اور کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کی موجودگی میں حلف لیا۔ حلف برداری کے دوران ان کی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہریونش اور جنرل سکریٹری پی سی مودی بھی موجود رہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.