International

تھائی لینڈ: بیچ سمندر کشتی میں آگ لگنے سے مچی چیخ و پکار، بڑی مشکل سے بچی 108 لوگوں کی جان!

212views

تھائی لینڈ کی خلیج میں آج صبح اس وقت خوفناک حالت دیکھنے کو ملی جب بیچ سمندر ایک کشتی میں زبردست آگ لگ گئی۔ آگ سے بچنے کے لیے گھبرائے مسافر سمندر میں کودنے لگے اور ایک چیخ و پکار جیسی حالت پیدا ہو گئی۔ کشتی پر 108 افراد سوار تھے جنھیں حفاظت کے ساتھ سمندر سے نکال لیا گیا ہے اور آتشزدگی واقعہ کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سورت تھانی علاقہ سے رات بھر چلنے والی کشتی تھائی ساحل سے دور ایک مشہور سیاحتی مقام ’کوہ تاؤ‘ پہنچنے ہی والی تھی کہ مسافروں نے اچانک ایک تیز آواز سنی اور دھوئیں کی بو محسوس کی۔ کشتی پر موجود ایک مسافر میتری پرومجمپا کا کہنا ہے کہ انھوں نے 5 منٹ سے بھی کم وقت میں دھواں اور آگ دیکھی، پھر لوگوں نے چیخنا شروع کر دیا اور الارم بھی بجا دیا۔

پرومجمپا نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ’’ہم بڑی مشکل سے وقت پر لائف جیکٹ حاصل کر سکے۔ یہ بہت ہی خوفناک تھا۔ لوگ رو رہے تھے، میری بھی آنکھوں میں آنسو تھے۔‘‘ سورت تھانی کے افسران نے فیس بک پر اس واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کشتی پر سوار 108 لوگوں میں سے 97 مسافر سورت تھانی کے تھے۔ علاقہ کے محکمہ رابطہ عامہ کا کہنا ہے کہ سبھی مسافروں کو بچا لیا گیا ہے اور کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔ افسران نے آگ پر قابو پانے کی بھی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ کشتی میں آگ لگنے کی شروعات اس کے انجن سے ہوئی تھی۔ اس کی وجہ پتہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.