’نوجوان خالی ہاتھ اور ٹوٹے خوابوں کے ساتھ بھٹک رہے‘، وارانسی میں مودی حکومت پر خوب برسے راہل
وارانسی: کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کو آج وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ میں وارانسی میں زبردست حمایت ملی۔ اس یاترا کے 35ویں دن راہل گاندھی نے وارانسی میں روڈ شو بھی کیا اور شری کاشی وشوناتھ مندر میں پوجا بھی کی۔ سڑک پر جب ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ نکلی تو اس کی حمایت کے لیے جس بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے، وہ قابل دید تھا۔ ہزاروں کی تعداد میں مقامی لوگ راہل گاندھی کا استقبال کر رہے تھے۔ اس دوران راہل گاندھی نے کئی لوگوں سے بات چیت بھی کی اور وارانسی کے ’سرو سیوا سنگھ‘ کے سامنے بھی رک کر موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
وارانسی میں عوام سے اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کے تئیں سچی محبت ملک کو متحد کرنے میں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کے دوران کسان، مزدور، چھوٹے کاروباری، بے روزگار نوجوانوں کے دل میں جو خوف تھا، اس کے بارے میں وہ اپنی بات رکھتے تھے۔ چھوٹے کاروباری کہتے تھے کہ ہمیں ڈر لگتا ہے کہ کل کا نہیں پتہ کہ کیا ہو جائے۔ آج ایسا ماحول بن گیا ہے، ااج ملک میں دو سب سے بڑے ایشوز بے روزگار اور مہنگائی ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے حسب سابق اڈانی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اڈانی کو ملک کی ملکیت دی جا رہی ہے۔ آج دو ہندوستان بن گئے ہیں۔ ایک ارب پتیوں کا ہندوستان ہے اور دوسرا غریبوں کا ہندوستان ہے۔ ملک کے بڑے بڑے میڈیا ادارے کسان، مزدور، غریبوں کو نہیں دکھاتے، 24 گھنٹہ صرف نریندر مودی کو دکھاتے ہیں۔‘‘ اس دوران ایک نوجوان نے راہل گاندھی کو اپنی بے روزگاری کا مسئلہ بیان کیا۔ اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ کس طرح ایک نوجوان اور اس کا کنبہ تعلیم پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی خالی ہاتھ اور ٹوٹے خوابوں کے ساتھ اِدھر اُدھر بھٹک رہا ہے۔ یہ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے اور کانگریس اس کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ آج شام 5 بجے تک وارانسی میں چلی اور اب یہ یاترا 18 فروری کو دوپہر بعد پریاگ راج میں شروع ہوگی۔ دراصل راہل گاندھی کو آج ہی وائناڈ کے لیے روانہ ہونا پڑا اور اس سے متعلق کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جانکاری دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’وائناڈ میں راہل گاندھی کی موجودگی کی فوری ضرورت ہے۔ وہ آج شام 5 بجے وارانسی سے روانہ ہو رہے ہیں۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا کل 18 فروری کو دوپہر 3 بجے پریاگ راج میں پھر سے شروع ہوگی۔‘‘