میزورم اسمبلی انتخاب میں زیڈ پی ایم کو ملی مکمل اکثریت، وزیر اعلیٰ زورم تھانگا کو شکست کا سامنا
میزورم اسمبلی انتخاب میں برسراقتدار طبقہ ایم این ایف (میزو نیشنل فرنٹ) کو زبردست دھچکا لگا ہے۔ نہ صرف پارٹی کو شرمناسک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، بلکہ موجودہ وزیر اعلیٰ زورم تھانگا کو بھی اپنی سیٹ پر ہار ملی ہے۔ زیڈ پی ایم (زورم پیپلز موومنٹ) نے اس بار اسمبلی انتخاب میں سبھی کو حیران کرتے ہوئے 27 سیٹوں پر جیت حاصل کر لی ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے ضروری 20 سیٹوں سے بہت زیادہ ہے۔ ایم این ایف کو محض 10 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ بی جے پی کو 2 اور کانگریس کو 1 سیٹ پر جیت ملی ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر جو ریزلٹ ظاہر کیا گیا ہے اس کے مطابق آئیزول مشرق-1 اسمبلی حلقہ میں زیڈ پی ایم کے لالتھن سانگا نے موجودہ وزیر اعلیٰ زورم تھانگا کو 2101 ووٹوں سے شکست دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا اس طرح اپنی سیٹ ہار جانا حیران کرنے والا ہے۔ انھوں نے 8626 ووٹ حاصل کیے، جبکہ اس سیٹ سے فاتح لاتھن سانگا کو 10727 ووٹ ملے۔
زیڈ پی ایم کی بہترین کارکردگی پر پارٹی کے وزیر اعلیٰ امیدوار لالدوہوما نے کہا کہ ’’کل یا پرسوں میں گورنر سے ملاقات کروں گا۔ حلف برداری اسی مہینے ہوگی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ میزورم مالی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت سے وراثت میں ہمیں یہی ملنے والا ہے اور معاشی اصلاح کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم وسائل جمع کرنے کی کوشش کریں گے۔ لالدوہوما کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عزائم کو پورا کریں گے اور ریاست کے حالات بہتر بنانے کے لیے سبھی ضروری اقدام کیے جائیں گے۔