ماہی پروری سے متعلق بھارت کی پہلی عالمی کانفرنس-2023 آج احمدآباد میں سائنس سِٹی کے مقام پر ماہی پروری کے مرکزی وزیر پُرشوتم روپالا اور گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی موجودگی میں شروع ہوئی۔ اس افتتاحی اجلاس میں ماہی پروری کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل موروگن اور ڈاکٹر سنجیو کمار بالیان کے ساتھ ساتھ تقریباً دس ملکوں کے اعلیٰ سطح کے مندوبین، بین الاقوامی تنظیموں اور ماہی پروری سے متعلق تنظیموں کے وفود بھی موجود تھے۔ حکومت ہند کا ماہی پروری کا محکمہ، ماہی پروری کے عالمی دن کے موقع پر اس دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے، تاکہ پائیدار ماہی گیری کے شعبے کیلئے سبھی متعلقہ فریقوں کو ایک جگہ یکجا کیا جاسکے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کہا کہ گجرات کی ملک میں سب سے بڑی ساحلی پٹی ہے اور یہ مچھلی کی پیداوار کے معاملے میں ایک سرکردہ ریاست ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کا ملک کی مچھلی کی برآمدات میں 17 فیصد حصہ ہے۔ جناب پٹیکل نے کہا کہ امرت کال کے دوران، وزیر اعظم کے ”خودکفیل بھارت“ کے وژن کی حصولیابی میں ساحلی شعبہ ایک بنیادی کردار اداکرے گا۔ پروگرام کے دوران، وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کے ہاتھوں اندرون ملک آبی ذخائر کو پٹّے پر دینے سے متعلق پورٹل کا آغاز کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی GHOL مچھلی کو گجرات کی ریاستی مچھلی قرار دیا گیا۔ کانفرنس کے دوران ہونے والے تبادلہ خیال اور غور وخوض میں پانچ ہزار سے زیادہ شرکا کے حصہ لینے کا امکان ہے۔