مہاراشٹر کے سابق وزیر نواب ملک کی طبیعت پہلے سے ہی ناساز ہے، اور اب ان کی طبیعت مزید خراب ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواب ملک کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس کے بعد فوری طور پر انھیں کُرلا واقع ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
نواب ملک کی بیٹی نے اپنے والد کی ناساز طبیعت سے متعلق جانکاری دی ہے اور کہا ہے کہ انھیں فوری علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی یہ خبر سامنے نہیں آ سکی ہے کہ انھیں سانس لینے میں تکلیف کے علاوہ بھی کوئی دقت ہے یا نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ این سی پی لیڈر نواب ملک منی لانڈرنگ معاملے میں عبوری ضمانت پر ہیں۔ انھیں یہ ضمانت طبی بنیاد پر ہی عدالت نے دی ہے۔ ان کی ضمانت کی مدت ختم بھی ہو گئی تھی، لیکن سپریم کورٹ نے اس میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ نواب ملک کی ضمانت عرضی پر ای ڈی کی طرف سے پیش ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، جس کے بعد عدالت نے انھیں عبوری ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔