باروئی پور: مغربی بنگال کے سبکدوش وزیرِ ہاؤسنگ اور کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کے میئر فرداد حکیم نے ایک انتخابی ریلی میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کو ملک کا سب سے بڑا “گھس پیٹھیا” قرار دے کر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ انہوں نے یہ بات باروئی پور کے گوچارن بس اسٹینڈ کے قریب منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو باروئی پور مشرقی اسمبلی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار وبھاس سردار کی حمایت میں منعقد کیا گیا تھا۔فرداد حکیم نے کہا کہ جہاں وزیراعظم مودی اور امیت شاہ بنگال کی ریلیوں میں ترنمول کانگریس پر جھوٹے الزامات لگاتے ہیں، وہیں وہ بار بار ‘گھس پیٹھیوں ‘ اور ‘روہنگیاؤں ‘ کا ذکر کرتے ہیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا، “میں کہتا ہوں کہ امیت شاہ اور مودی اصل میں خود ہی سب سے بڑے گھس پیٹھیے ہیں۔” بی جے پی کے روزگار کے دعووں پر تنقید کرتے ہوئے میئر نے یاد دلایا کہ 2014 میں بی جے پی نے سالانہ 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج تک کسی کو ایک بھی نوکری نصیب نہیں ہوئی۔بی جے پی کی جانب سے خواتین کو ماہانہ 3,000 روپے دینے کے وعدے پر تبصرہ کرتے ہوئے فرداد حکیم نے کہا کہ بہار کے انتخابات سے پہلے انہوں نے خواتین کو 10,000 روپے دیے تھے، لیکن اب وہ رقم واپس لینے کے لیے گھر گھر نوٹس بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے دہلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی خواتین کو 2,500روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو کبھی پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ این آر سی (NRC) کی آڑ میں لوگوں کو جان بوجھ کر بحران میں دھکیلا گیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس الیکشن کے بعد ممتا بنرجی ایک بار پھر حکومت بنائیں گی۔ تقریب میں امیدوار وبھاس سردار، بلاک صدر شیام سندر چکرورتی، باروئی پور بلدیہ کے صدر شکتی رائے چودھری اور 15 گرام پنچایتوں کے پردھان سمیت تقریباً 5,000کارکنان موجود تھے۔ شکتی رائے چودھری نے اعلان کیا کہ جب تک ممتا بنرجی کی حکومت ہے، ‘لکشمی بھنڈار ‘ اسکیم کبھی بند نہیں ہوگی اور تمام ترقیاتی منصوبے جاری رہیں گے۔
سب سے بڑے گھس پیٹھیے مودی اور امیت شاہ ہیں:فرداد حکیم
مقالات ذات صلة



