ہومWest Bengalبنگال انتخابات سے قبل I-PAC پر شکنجہ

بنگال انتخابات سے قبل I-PAC پر شکنجہ

ونیش چندیل 10 دن کی ED تحویل میں، ابھیشیک بنرجی کا سخت ردعمل

کولکاتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے محض چند دن قبل سیاسی مشاورتی تنظیم I-PAC کے شریک بانی اور سربراہ ونیش چندیل کی گرفتاری نے ریاستی سیاست میں بھونچال پیدا کر دیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کی رات مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ونیش چندیل کو گرفتار کرنے کے بعد منگل کو دہلی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے انہیں 10 دن کی ای ڈی تحویل میں بھیج دیا۔یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مغربی بنگال میں انتخابی ماحول انتہائی گرم ہے اور I-PAC ترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ گرفتاری کے فوراً بعد ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور پارٹی کے قومی سطح کے اہم چہرے ابھیشیک بنرجی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جمہوریت کے لیے خطرناک قرار دیا۔ابھیشیک بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ بنگال انتخابات سے صرف 10 دن پہلے اپوزیشن سے وابستہ ایک اہم انتخابی مشیر کی گرفتاری محض قانونی کارروائی نہیں بلکہ سیاسی خوف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اس بات کا اشارہ ہے کہ اگر کوئی اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہو تو وہ مرکزی ایجنسیوں کا اگلا نشانہ بن سکتا ہے۔ای ڈی کے مطابق ونیش چندیل کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ بنگال کوئلہ اسمگلنگ کیس سے جڑی کچھ رقم حوالہ کے ذریعے I-PAC کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی، جس کی تحقیقات کے دوران چندیل کا نام سامنے آیا۔ ای ڈی حکام کے مطابق پیر کی رات کئی گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا۔عدالتی کارروائی کے بعد دہلی کی خصوصی عدالت نے ای ڈی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ونیش چندیل کو 10 دن کی تحویل میں دے دیا تاکہ ایجنسی مزید پوچھ گچھ کر سکے اور مالی لین دین کے مبینہ نیٹ ورک کی تہہ تک پہنچ سکے۔یہ پہلا موقع نہیں جب I-PAC ای ڈی کے نشانے پر آیا ہو۔ اس سے قبل 8 جنوری کو ای ڈی نے I-PAC کے کولکاتہ دفتر اور شریک بانی پراتک جین کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کے دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی خود موقع پر پہنچ گئی تھیں اور ای ڈی کے طریقۂ کار پر سخت اعتراض کیا تھا۔ بعد ازاں یہ معاملہ سپریم کورٹ تک بھی پہنچا، جہاں ای ڈی نے اپنی کارروائی کے دفاع میں درخواست دائر کی تھی۔ذرائع کے مطابق حالیہ گرفتاری سے قبل 2 اپریل کو بھی ونیش چندیل کے دہلی واقع گھر کی تلاشی لی گئی تھی۔ اسی تفتیش کے سلسلے میں I-PAC کے ایک اور شریک بانی رشی راج سنگھ کے بنگلورو اور عام آدمی پارٹی کے سابق پی آر او وجے نائر کے ممبئی واقع گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ابھیشیک بنرجی نے نہ صرف ای ڈی بلکہ دیگر مرکزی ایجنسیوں جیسے سی بی آئی اور این آئی اے کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ سب ادارے انتخابی موسم میں اپوزیشن کو دبانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ “ایک طرف الیکشن کمیشن اور دوسری طرف ای ڈی، سی بی آئی، این آئی اے—سب کو اپوزیشن کے خلاف کھڑا کر دیا گیا ہے تاکہ خوف کا ماحول بنایا جا سکے۔ابھیشیک نے براہِ راست مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کو ڈرایا نہیں جا سکتا، بنگال کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، اور بنگال کسی کے سامنے جھکنے والا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بنگال ہمیشہ دباؤ کے خلاف مزاحمت کرتا آیا ہے اور اس بار بھی کرے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق ونیش چندیل کی گرفتاری نے انتخابی ماحول کو مزید تلخ بنا دیا ہے اور اب یہ معاملہ صرف قانونی نہیں بلکہ مکمل سیاسی رنگ اختیار کر چکا ہے۔ چونکہ I-PAC گزشتہ کئی برسوں سے ترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کا اہم حصہ رہا ہے، اس لیے اس گرفتاری کو پارٹی کے انتخابی مینجمنٹ سسٹم پر بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے۔اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ای ڈی کی تفتیش آنے والے دنوں میں کس سمت بڑھتی ہے اور آیا یہ کارروائی بنگال کی انتخابی سیاست پر براہ راست اثر ڈالتی ہے یا نہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات