ممتا بمقابلہ شوبھندو، الزامات کی بارش،کمیشن نے رپورٹ طلب کی
کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھوانی پور اسمبلی حلقہ اس وقت ریاست کا سب سے زیادہ زیرِ بحث اور ہائی پروفائل میدانِ جنگ بن چکا ہے، جہاں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور بی جے پی کے مضبوط چہرے، قائدِ حزب اختلاف شو بھندو ادھیکاری آمنے سامنے ہیں۔ اس بڑے مقابلے نے نہ صرف کولکاتا بلکہ پوری ریاست کی سیاست کا درجہ حرارت بڑھا دیا ہے۔پیر کے روز دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے عین قبل دونوں سرکردہ امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم کا اختتام کر دیا۔ مہم کے آخری لمحات تک دونوں فریقین نے اپنی جیت کے دعوے کیے اور عوامی حمایت کا اظہار کیا، تاہم جیسے ہی انتخابی شور تھما، ویسے ہی الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ذرائع کے مطابق، مہم کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ہراسانی اور دباؤ ڈالنے کی متعدد شکایات درج کرائی گئی ہیں، جس نے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔ اس کشیدگی کے بیچ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج اگروال نے اہم بیان دیتے ہوئے صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھوانی پور میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سی ای او کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اسی لیے متعلقہ ضلع کے انتخابی افسر سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔منوج اگروال نے مزید کہا کہ جیسے ہی رپورٹ موصول ہوگی، اس کی بنیاد پر ضروری اور مناسب کارروائی کی جائے گی تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے۔بھوانی پور میں اس ہائی وولٹیج مقابلے نے نہ صرف ووٹروں کی دلچسپی بڑھا دی ہے بلکہ انتخابی نظام کی غیر جانبداری پر بھی سب کی نظریں مرکوز کر دی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ووٹنگ کے دن یہ کشیدہ ماحول کس رخ اختیار کرتا ہے اور عوام کس کے حق میں فیصلہ سناتے ہیں۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593333