5 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری اور روزگار کے بڑے اعلانات
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست کی تقدیر بدلنے اور اسے صنعتی و تعلیمی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے ایک جامع وژن پیش کیا ہے۔ پٹنہ کے بیہٹا میں ‘ٹیکنالوجی سینٹر ‘ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ بہار کی ترقی کے لیے وہ اپنی پوری طاقت جھونک دیں گے۔ اس ٹیکنالوجی سینٹر کا افتتاح وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور مرکزی وزیر برائے جتن رام مانجھی نے مشترکہ طور پر کیا، جو ریاست میں تکنیکی انقلاب اور ہنر مندی کے ایک نئے دور کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریاست کے نوجوانوں اور عوام کے لیے کئی بڑے انقلابی فیصلوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بہار میں آئندہ ایک سال کے دوران 5 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے صنعتوں کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔ تعلیمی میدان میں سمراٹ چودھری نے ایک تاریخی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہر بلاک میں ایک ڈگری کالج قائم کیا جائے گا تاکہ دیہی علاقوں کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ، ہر پرکھنڈ میں ماڈل اسکول اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اے آئی ریسرچ سینٹر بنائے جائیں گے۔ بیہٹا میں ٹیکنالوجی سینٹر کے ساتھ ساتھ مظفر پور، روہتاس، دربھنگہ اور منگیر میں بھی ‘ایکسٹینشن سینٹرز ‘ کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کا فائدہ دور دراز کے اضلاع تک پہنچ سکے۔
وزیر اعلیٰ نے صرف تعمیراتی کاموں تک ہی محدود رہنے کے بجائے انتظامی اصلاحات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب حکومت عوام کے پاس جائے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں عوام کی شکایات اور مسائل کا موقع پر ہی حل نکالا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات دلانا اور حکومتی اسکیموں کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانا ہے۔ مرکزی وزیر جتن رام مانجھی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور بہار کی ترقی میں مرکزی تعاون کا یقین دلایا۔ سمراٹ چودھری نے واضح کیا کہ ان کی حکومت خود کفیل بہار کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہار کو خوف اور پسماندگی کے سائے سے نکال کر خوشحالی اور صنعتی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ سمراٹ چودھری کے یہ بڑے اعلانات بہار کی سیاست اور معیشت میں ایک نئی روح پھونک سکتے ہیں۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593333