3 مئی سے مغربی چمپارن کی سرزمین سے ہوگا آغاز:امیش سنگھ کشواہا
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ،28 اپریل : منگل کے روز پٹنہ میں واقع جنتا دل (یونائیٹڈ) کے صوبائی دفتر کے کرپوری آڈیٹوریم میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جے ڈی یو کے صوبائی صدر امیش سنگھ کشواہا نے نشانت کمار کی جانب سے شروع کی جانے والی تاریخی ‘سدبھاؤ یاترا ‘ (خوشگوار تعلقات کی مہم) کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس پریس کانفرنس میں پارٹی کے قانون ساز کونسل کے اراکین لالن کمار صراف، سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، قومی سکریٹری و ترجمان راجیو رنجن پرساد، اہم ترجمان نیرج کمار، پروفیسر نوین آریہ چندرونشی، ڈاکٹر امردیپ اور واسودیو کشواہا بھی موجود تھے۔صوبائی صدر امیش سنگھ کشواہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشانت کمار کی یہ یاترا بہار کی آنے والی تین چار دہائیوں کی سیاست کی سمت اور صورتحال طے کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدل رہا ہے اور سیاست کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ آج پورا بہار ایک ایسی قیادت کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے جو معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر ریاست کو امن و آمان، گڈ گورننس اور ہمہ جہت ترقی کی راہ پر آگے لے جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہار کو اس منزل تک وہی قیادت لے جا سکتی ہے جس میں نتیش کمار کے سنسکار ہوں، ان کے گورننس ماڈل کی گہری سمجھ ہو اور 14 کروڑ بہار کے عوام کو متحد کرنے کی قوت ہو۔ جب ہم ان تمام صفات کی بات کرتے ہیں تو ذہن میں صرف نشانت کمار کا نام ابھرتا ہے۔ صوبائی صدر نے بتایا کہ نشانت کمار 3 مئی سے ‘گاندھی کی کرم بھومی ‘ مغربی چمپارن سے ضلع وار سدبھاؤ یاترا کا آغاز کریں گے۔ اس مہم کے دوران وہ پنچایت کی سطح تک پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریں گے اور ان سے براہِ راست مکالمہ کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ نشانت کمار نے خود اس مہم کا نام ‘سدبھاؤ یاترا ‘ رکھا ہے، جس کا مطلب ہی سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ وہ ‘انصاف کے ساتھ ترقی ‘ کی وراثت کو آگے بڑھائیں گے۔ اس یاترا کے دوران صوبائی صدر امیش سنگھ کشواہا، جے ڈی یو مقننہ پارٹی کے لیڈر شرون کمار سمیت متعلقہ اضلاع کے اراکینِ پارلیمنٹ، اراکینِ اسمبلی اور ضلع سے پنچایت کی سطح تک کے عہدیدار موجود رہیں گے۔ اس مہم کو لے کر پارٹی کارکنوں اور عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593332