International

حلب میں قونصل خانے پر حملہ کرنیوالے خبردار رہیں: ایرانی وزیر خارجہ دمشق کے دورہ پر

15views

تہران یکم دسمبر (ایجنسی) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اتوار کو شام کا دورہ کررہے ہیں۔ ’’ھیئۃ تحریر الشام‘‘ اور اس کے اتحادی دھڑوں کے حلب شہر کے بیشتر سٹریٹیجک حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز شام کے دورے کا اعلان کیا۔ وزارت کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ عباس عراقچی شامی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے اتوار کو دمشق جائیں گے۔ وہ ترکیہ جانے سے قبل علاقائی مسائل خاص طور پر حالیہ پیش رفت پر مشاورت کے لیے شام جا رہے ہیں۔ترک وزارت خارجہ کے ذرائع نے پہلے کہا تھا کہ عراقچی پیر کو ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل ایران نے اعلان کیا تھا کہ دہشت گرد عناصر نے شمالی شام کے شہر حلب میں واقع اس کے قونصل خانے پر حملہ کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے شام کے شہر حلب میں قونصل خانے کے خلاف جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اپنے تمام ملازمین کی حفاظت پر زور دیا ہے۔ بقائی نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ قونصل جنرل اور حلب میں ایرانی قونصل خانے کے تمام ارکان ٹھیک ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تہران حلب میں اپنے قونصل خانے کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ حملے کا جواب دے گا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہفتے کے روز ’’ھیئۃ تحریر الشام‘‘ اور اس کے اتحادیوں نے حلب کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پڑوس میں ادلب اور حماۃ گورنریٹس کے سٹریٹجک قصبوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ اس سے قبل سرکاری افواج ان علاقوں سے نکل گئی تھی۔آبزرویٹری نے اطلاع دی کہ ’’ ھیئۃ تحریر الشام‘‘ نے حلب کے ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ یہ دمشق ایئرپورٹ کے بعد دوسرا سب سے بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق اس کے ساتھ سرگرم مخالف دھڑوں کی حماۃ کے شمالی دیہی علاقوں اور مشرقی ادلب کی طرف پیش قدمی ہوئی جہاں انہوں نے وہاں کے درجنوں سٹریٹجک قصبوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ حلب، ادلب اور ان کے دیہی علاقے آستانہ معاہدے کے تحت ڈی اسکیلیشن زونز کا حصہ ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.