National

دہلی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ، تمام پروازوں کے انتظامات مکمل

76views

حج 2024 کے لیے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آج (9 مئی) سے شروع ہو گیا ہے۔ عازمین حج کو لے کر سعودی ایئرلائنز کی پہلی پرواز دہلی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 سے سعودی عرب کے لیے صبح 2.20 بجے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر ہوائی اڈے پر حج کمیٹی کے افسران و ممبران موجود تھے۔

عازمین حج کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے دستے نے پھولوں کے ہار پہنائے اور گارڈ آف آنر کے بعد رخصت کیا۔ پہلے قافلے میں کل 285 عازمین حج کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سال کل 1,75,025 عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے  جائیں گے جس میں حکومت ہند کی طرف سے 1,40,025 عازمین ہوں گے۔ ان کے علاوہ 35,000 عازمین پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جائیں گے۔

واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں کل 20 سفری مقامات سے عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں دہلی سے جانے والے حاجیوں کی واپسی 22 جون سے شروع ہوگی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ممبر محمد سعد، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی، ڈپٹی سی ای او ناظم احمد، دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے عازمین حج کے اس پہلے قافلے کو روانہ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.