International

خاتون جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ’اسے جیل بھیجو‘، بھری عدالت میں ملزم نے جج پر ہی کر دیا حملہ، دیکھیں ویڈیو

410views

امریکہ میں حیران کرنے والا ایک واقعہ پیش آیا ہے جہاں جیل بھیجنے کی سزا سنانے والی خاتون جج پر ایک ملزم نے عدالتی روم میں ہی حملہ کر دیا۔ اس واقعہ کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں ملزم دوڑتے ہوئے ٹیبل کے اوپر سے جج پر کودتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس نے خاتون جج کو سبھی کے سامنے پیٹنا شروع کر دیا اور جج کو بچانے کی کوشش میں اس کے قریب بیٹھا سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔

یہ واقعہ امریکہ کے نوادا واقع عدالت میں پیش آیا جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سال کے دیوبرا ریڈین پر تین بار بیٹری چوری کرنے کا الزام تھا۔ گزشتہ بدھ (3 جنوری) کو کلارک کاؤنٹی ڈسٹرکٹ کورٹ میں جج میری کے ہولتھس کے سامنے اس کی پیشی ہوئی۔ وکیلوں کی دلیلیں سننے کے بعد جج نے دیوبرا کو قصوروار مانتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم سنایا۔ اس بات پر ملزم اتنا ناراض ہوا کہ ٹیبل کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہوئے وہ سیدھے جج صاحبہ کے پاس پہنچا اور ان پر گھونسوں کی بارش شروع کر دی۔

عدالتی کمرے کے اندر یہ سب کچھ اتنی جلدی ہوا کہ وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں کو کچھ بھی سمجھ نہیں آیا۔ کسی کے پاس بھی جج کو بچانے کا موقع نہیں تھا۔ کسی طرح ملزم پر قابو پایا گیا اور پھر اسے جیل لے جایا گیا۔ پورا واقعہ عدالتی کمرے میں لگے کیمرے میں قید ہو گیا جس کا فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کے حملے میں خاتون جج کو سنگین چوٹیں پہنچی ہیں۔ انھیں بچانے والے مارشل کا کندھا ٹوٹنے کی خبر بھی سامنے آ رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم خاتون جج کے فیصلے سے اس قدر ناراض ہو گیا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی گرفت میں آنے کے بعد بھی اس نے جج کو پیٹنا جاری رکھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.