مسلمانوں پر کثرت ازدواج اور کثرت اولاد کے الزامات کے درمیان آسام کی یہ خبر یقیناً دلچسپ ہوگی کہ یہاں کے ایک ہی خاندان میں 350 ووٹرس ہیں اور اس خاندان کے کل افراد کی تعداد 1200 ہے۔ آسام کے سونیت پور پارلیمانی حلقے کے پھولگوری نیپالی پام کے علاقے میں آنجہانی ران بہادر تھاپا کا خاندان ملک میں سب سے زیادہ ووٹروں والا خاندان ہے۔ اس خاندان میں کل 350 ووٹرز ہیں۔
پھولگوری نیپالی پام کا علاقہ رنگاپارہ اسمبلی حلقہ اور سونیت پور پارلیمانی حلقے میں آتا ہے۔ سب سے زیادہ ووٹروں والے اس خاندان کے تمام افراد 19 اپریل کو سونیت پور لوک سبھا حلقہ میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ ران بہادر تھاپا کے 12 بیٹے اور 9 بیٹیاں ہیں، جبکہ ان کی پانچ بیویاں تھیں۔ مجموعی طور پر تقریباً 1200 ارکان پر مشتمل اس خاندان میں تقریباً 350 ارکان کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہے۔
ران بہادر تھاپا کے بیٹے تل بہادر تھاپا نے بتایا کہ میرے والد 1964 میں اپنے دادا کے ساتھ یہاں آئے اور ریاست میں سکونت اختیار کی۔ میرے والد کی پانچ بیویاں تھیں اور ہم 12 بھائی اور 9 بہنیں ہیں۔ ان کے بیٹوں سے 56 پوتے تھے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میری بیٹی کے کتنے پوتے ہیں۔ اس الیکشن میں نیپالی پام میں تھاپا خاندان کے تقریباً 350 افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، اگر ہم تمام بچوں کو شمار کریں تو ہمارے خاندان کے کل ارکان کی تعداد 1200 سے زیادہ ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا بھی اظہار کیا کہ خاندان ابھی تک ریاستی اور مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ حاصل نہیں کرسکا ہے۔
تل بہادر نے کہا کہ ہمارے بچوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے لیکن انہیں کوئی سرکاری نوکری نہیں ملی۔ ہمارے خاندان کے کچھ افراد بنگلور چلے گئے اور انہوں نے پرائیویٹ ملازمتیں تلاش کیں۔ کچھ یومیہ اجرت پر کام کر رہے ہیں۔ میں 1989 سے گاؤں کے سربراہ کے طور پر کام کر رہا ہوں۔ میرے 8 بیٹے اور 3 بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے 12 بیٹے اور 9 بیٹیوں کی پرورش کی۔
آنجہانی ران بہادر کے ایک اور بیٹے سرکی بہادر تھاپا نے بتایا کہ خاندان میں تقریباً 1200 افراد ہیں۔ ہمارے پاس 350 ارکان کا ایک بڑا خاندان ہے جو ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق ران بہادر کا انتقال 1997 میں ہوا، وہ اپنے پیچھے ایک بڑا خاندان چھوڑ گئے۔ اب 64 سالہ سرکی بہادر تھاپا کی تین بیویاں اور 12 بچے ہیں۔ 9 اسمبلی حلقوں پر مشتمل سونیت پور لوک سبھا سیٹ پر 16.25 لاکھ سے زیادہ ووٹر ہیں۔ آسام میں لوک سبھا کی 14 نشستوں کے لیے انتخابات تین مرحلوں میں ہوں گے، جن کی تاریخیں 19 اپریل، 26 اپریل اور 7 مئی ہیں۔