National

سی ڈبلیو سی کا اجلاس: کانگریس کے منشور کو گھر گھر تک لے جانا ہوگا، پارٹی صدر کھڑگے کا بیان

134views

نئی دہلی: کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ملک تبدیلی چاہتا ہے اور وزیر اعظم مودی کی زیرقیادت حکومت کی ضمانت وہی انجام پانے والی ہے جو 2004 میں ‘انڈیا شائننگ’ (بھارت ادے) نعرے کا ہوا تھا۔

انہوں نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ پارٹی کارکنوں کو کانگریس کے منشور کو ہر گھر تک پہنچانا ہوگا۔ منشور کو حتمی شکل دینے کے لیے ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ان کی پارٹی ان وعدوں کو پورا کرے گی جو وہ اس لوک سبھا الیکشن میں کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’وعدے کرنے سے پہلے ہم گہرائی سے چھان بین کرتے ہیں کہ ہم انہیں پورا کر پائیں گے یا نہیں؟‘‘

کھڑگے نے کہا، ’’ملک تبدیلی چاہتا ہے۔ موجودہ حکومت کی گارنٹی کا وہی حشر ہو گا جو 2004 میں ‘انڈیا شائننگ’ نعرے کا ہوا تھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہی وجہ ہے کہ 1926 سے کانگریس کا منشور ملک کی سیاسی تاریخ میں ’اعتماد کا دستاویز‘ بنا ہوا ہے۔

کانگریس کا منشور پارٹی کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے تیار کیا ہے۔ کھڑگے کے مطابق، ’’کمیٹی نے کوشش کی کہ ہمارا منشور محض ایک علمی مشق نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس میں عوام کی وسیع شرکت ہونی چاہیے۔ اس کے لیے رابطہ اور مکالمہ کیا گیا۔ ویب سائٹ ’آواز بھارت کی‘ کے ذریعے لوگوں سے تجاویز طلب کی گئی تھیں۔

راہل گاندھی کی قیادت والی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اس یاترا میں اٹھائے گئے مسائل پر ملک اور بیرون ملک کافی بحث ہوئی ہے۔ اس سے ہم ملک کی توجہ عوام کے اصل مسائل کی جانب مبذول کرا سکے۔ یہ یاترا 16 مارچ کو ممبئی میں اختتام پذیر ہوئی۔

کھڑگے نے کہا، ’’ممبئی ہمارے لیے خاص طور پر اہم ہے کیونکہ ہماری پارٹی ممبئی میں قائم ہوئی تھی۔ ہماری آزادی کی جدوجہد کو بھی 1942 میں ‘بھارت چھوڑو’ تحریک کے دوران ممبئی سے تقویت حاصل ہوئی تھی۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا کا اختتام بھی ممبئی میں ہی ہوا۔‘‘

کھڑگے نے کہا، ’’یہ یاترا نہ صرف سیاسی طور پر اہم ہیں بلکہ ہماری سیاسی تاریخ میں ایک کوشش کے طور پر درج ہو گئی ہے جو کہ عوامی رابطہ کی سب سے بڑی کوشش ہے۔ کسی بھی سیاست دان نے اتنی طویل پد یاترا نہیں کی ہے، جسے چاہ کر بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

کانگریس کی پانچ ضمانتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈروں سے کہا، ’’آپ سبھی سینئر لیڈروں کا بہت اہم رول ہوگا۔ میں آپ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ تمام اہم مسائل کو پورے ملک میں، گاؤں محلوں اور گھر گھر تک پہنچانے میں محرک کا کردار ادا کریں۔‘‘

کھڑگے نے کہا، ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران میں نے اور راہل جی نے 5 ستونوں نوجوان، کسان، خواتین، بھاگیداری نیائے (شراکت داری انصاف) کا اعلان کیا۔ انصاف کے ہر ستون کے تحت 5 ضمانتوں کے مطابق کانگریس پارٹی نے کل 25 ضمانتیں دی ہیں۔

Follow us on Google News