National

حج 2025 سے متعلق تیاریوں کے لیے جائزہ میٹنگ

15views

اقلیتی امور کی وزارت نے حج سےمتعلق تربیت فراہم کاروں اور ریاستی حج انسپکٹرز کے انتخاب کے لیے سی بی ٹی پورٹل کے آغاز کا کیا

نئی دہلی 21 دسمبر (پی آئی بی)اقلیتی امور کی وزارت، حکومت ہند کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا نے 20 دسمبر 2024 کو حج ہاؤس، ممبئی میں حج 2025 کی تیاریوں کی جائزہ میٹنگ کا اہتمام کیا۔ اس میٹنگ میں ریاستی حج کمیٹیوں کے سینئر افسران اور نمائندے ، اور اہم متعلقہ فریق آئندہ حج کے سیزن کو لے کر تبادلہ خیال کرنے اور حکمت عملیاں وضع کرنے کی غرض سے ایک جگہ اکٹھا ہوئے۔ اس میٹنگ کی صدارت اقلیتی امور کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سی پی ایس بخشی کی موجودگی میں اقلیتی امور کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے کی۔ حج 2024 کی کلیدی معلومات اور حج 2025 کے عمل کو ایک ہموار تجربہ بنانے کے لیے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اقلیتی امور کی وزارت کے سکریٹری نے حج 2025 کے لیے نئی پہل قدمیوں کا جائزہ لیا۔اپنے خطاب میں، ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے حجاج کے لیے ایک ہموار اور روحانی طور پر بھرپور سفر کو یقینی بنانے کے لیے پیچیدہ منصوبہ بندی، باہمی تعاون کی کوششوں اور اختراعی تکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حج انسپکٹرز (ایس ایچ آئیز) دفاع کی پہلی لائن ہیں، اس لیے میرٹ پر مبنی، تکنالوجی سے آراستہ اور پرعزم درخواست دہندگان کا انتخاب کرنا بہت ضروری ہے۔ یہ اس امر کو یقینی بنائے گا کہ عازمین کے بیشتر مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے اور انہیں ریاستی حج انسپکٹرز کی جانب سے انفرادی توجہ حاصل ہو۔جناب سی پی ایس بخشی نے عازمین حج کی فلاح اور سہولت کے لیے وزارت کی مضبوط عہدبندگی کو اجاگر کیا، اور تمام تر متعلقہ فریقوں کے لیے وزارت کی حمایت کا ازسر نو اعادہ کیا۔میٹنگ کی ایک اہم بات سی بی ٹی (کمپیوٹر پر مبنی ٹیسٹ) پورٹل کا آغاز تھا، جو کہ حج سے متعلق تربیت فراہم کاروں اور ریاستی حج انسپکٹرز کے انتخاب کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ایک اہم تکنیکی پیشرفت ہے کیونکہ حج ایک ایسی سرگرمی بنتا جا رہا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ تکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے۔ پورٹل کو بی آئی ایس اے جی- این کے تعاون سے تیار کیا گیا تھا، جس کی ٹیم نے تقریب کے دوران اپنے صارف دوست انٹرفیس اور فعالیت کا مظاہرہ کیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی جانب سے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی اور شرکاء نے عازمین کے لیے حج کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے گفتگو کی۔ تیاری کے مختلف پہلوؤں بشمول حج ٹرینرز اور ریاستی حج انسپکٹرز کے انتخاب کے لیے کمپیوٹر پر مبنی امتحان کے انعقاد کے طریقہ کار، لاجسٹک، تربیت، طبی سہولیات اور فلاحی خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستی / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں سے بھی رائے طلب کی گئی اور ان پر غور کیا گیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تال میل کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جناب اشفاق احمد عارفی، ایگزیکٹیو آفیسر، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے عمارت کے معائنے اور انتخابی ٹیم کے رکن کے طور پر کام کرنے کا اپنا حالیہ تجربہ ساجھا کیا اور کہا کہ بھارت اتنی جلدی عمارت کے انتخاب کا عمل شروع کرنے والا پہلا ملک ہے اور اس کے پاس اعلیٰ معیاری عمارتیں حاصل کرنے کا اچھا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ایک ہفتے سے بھی کم کی مدت میں حج 2025 کے لیے درکار تقریباً 50 فیصد رہائشی عمارتوں کو حتمی شکل دے دی ہے، جس سے حالیہ برسوں میں تیز ترین پیش رفت کا اظہار ہوتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.