National

سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے والد نند کمار کا انتقال، آخری رسومات 10 جنوری کو

168views

چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کے والد نند کمار بگھیل نے پیر کی صبح اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ انھوں نے 89 سال کی عمر پائی اور 8 جنوری کی صبح تقریباً 6 بجے آخری سانس لی۔ وہ طویل مدت سے علیل تھے اور اسپتال میں ان کا علاج چل رہا تھا، لیکن وہ صحت مند نہ ہو سکے۔

نند کمار بگھیل کے انتقال پر سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر بھوپیش بگھیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انتقال سے متعلق خبر دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’تکلیف کے ساتھ مطلع کرنا پڑ رہا ہے کہ بابو جی شری نند کمار بگھیل جی کا آج صبح انتقال ہو گیا۔ ابھی جسد خاکی کو پاٹل سدن میں رکھا گیا ہے۔ میری چھوٹی بہن کے بیرون ملک سے لوٹنے کے بعد آخری رسومات 10 جنوری کو ہمارے آبائی گاؤں کرودڈیہہ میں ادا کی جائے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ نند کمار بگھیل گزشتہ 3 ماہ سے چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور کے شری بالاجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس سے قبل بھی وہ ایک دیگر اسپتال میں علاج کرا رہے تھے، لیکن افاقہ نہیں ہوا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق نند کمار بگھیل دماغی مرض اور ریڑھ کی ہڈی سے متعلق ایک پرانے مرض میں مبتلا تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.