Sports

ٹیم کے تعاون کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں: ہرمن پریت

9views

نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) ایف آئی ایچ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد ہندوستانی ٹیم کی کرشماتی کپتان ہرمن پریت کا ماننا ہے کہ پوری ٹیم نے ان کے اعزاز میں اپنا حصہ ڈالا ہے کیونکہ ٹیم کے تعاون کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں تھا۔ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور پیرس 2024 اولمپک گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت نے کہا کہ ٹیم نے ماضی میں ان پر جو اعتماد ظاہر کیا تھا وہ اس کا بدلے چکانے کے لئے تیار تھے، اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں سرپنچ کے نام سے مشہور 28 سالہ ڈیفنڈر اس سے قبل 2020-21 اور 2021-22 میں یہ اعزاز جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی ایچ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے دوبارہ نامزد ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ میں دنیا کے چند بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر بہت خوش ہوں، لیکن میں یہ تسلیم کرنا چاہوں گا کہ یہ میری ٹیم کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ میں نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور پیرس 2024 اولمپک گیمز میں جتنے بھی گول کیے ہیں وہ اس لیے ہیں کیونکہ ٹیم نے میرے لیے گول کرنے کے مواقع پیدا کیے ہیں۔2024 میں ہونے والے تمام بین الاقوامی میچوں کو مدنظر رکھتے ہوئے، بشمول ٹیسٹ میچ، ایف آئی ایچ ہاکی پرو، ہرمن پریت کو نیدرلینڈ کے تھیری برنک مین، جوپ ڈی مول، جرمنی کے ہینس مولر اور انگلینڈ کے زیک والیس کے ساتھ نامزد کیا گیا ہے۔ہرمن پریت نے ایف آئی ایچ ہاکی نیشن کپ،ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائرز اور اولمپک گیمز پیرس 2024 میں اپنے شاندار دفاع اور پینالٹی کارنر سے شاندار گول اسکور کرنے کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی ہے۔ انہوں نے اولمپکس میں آٹھ میچوں میں 10 گول کیے جن میں سے سات گول پنالٹی کارنر سے ہوئے اور باقی تین گول پنالٹی اسٹروک تھے۔انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز پیرس 2024 نہ صرف اس سال کی خاص کشش تھئ بلکہ میرے اب تک کے پورے کیریئر کی خاص کشش تھی۔ ٹیم نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، خاص طور پر گزشتہ سال ورلڈ کپ کے دوران جہاں میں پنالٹی کارنر پر گول نہیں کر سکا تھا لیکن ٹیم نے مجھے کسی بھی طرح سے مایوس نہیں ہونے دیا اور نہ ہی اپنے آپ کو مورد الزام ٹھہرانے دیا اور جب کہ اولمپکس میں پرفارم کرنے اور میڈل لے کر واپس آنے کی بہت سی وجوہات تھیں، ان میں سے ایک وہ اعتماد تھا جو ٹیم نے مجھ پر ظاہر کیا ہے۔ میرے دماغ میں ہمہشہ یہ بات رہتی تھی کہ مجھے اس کا بدلہ چکانا ہو گا۔اولمپک کھیلوں کے بعد تھوڑی راحت کے ساتھ، ہرمن پریت نے چین کے شہر موکی میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 پر اپنی نگاہیں جما لیں۔ ایک بار پھر مثال پیش کرکے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے سات میچوں میں سات گول کیے اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ہرمن پریت ملک کے لیے 226 میچوں میں 205 گول کر کے کھیل میں بلندر پر رہے ہیں۔ یہ کامیابی صرف اسپورٹس لیجنڈز میجر دھیان چند اور بلبیر سنگھ سینئر نے حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد پرانے شاندار دنوں کو واپس لانا ہے۔ ہم اس خواب کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے لیکن ہم اسے خود نہیں کر سکتے۔ ہمیں اپنے مداحوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ جب ٹیم اگلے اولمپک سائیکل کی تیاری کر رہی ہے، میں ہندوستانیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کھیل دیکھیں اور ہمیں سپورٹ کریں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.